عوام راج تحریک کے سربراہ اور معروف صحافی سید اقرار الحسن نے 21 روزہ قید سے رہائی کے بعد اپنی پہلی ویڈیو جاری کردی جس میں انہوں نے اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے ساتھ مشکل وقت میں ساتھ دینے پر اہلخانہ، دوستوں، حامیوں اور تحریک کے کارکنوں کا شکریہ ادا کیا ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں اقرار الحسن نے کہا کہ 21 روز کی قید کے بعد وہ خیریت سے گھر واپس پہنچ گئے ہیں۔ گھر پہنچتے ہی انہیں مسٹر پتلو کی خبر ملی، جنہیں وہ اس بات پر روتے ہوئے دیکھ رہے تھے کہ مشکل وقت میں کسی دوست نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔
رہائی کے بعد اقرارالحسن کی پہلی ویڈیو۔۔۔
اللہ کا شکر اور آپ سب کا شکریہ ❤️ pic.twitter.com/xR6KLIOISJ— Iqrar ul Hassan Syed (@iqrarulhassan) November 3, 2026
اقرار الحسن کا کہنا تھا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتے ہیں کہ ان کی فیملی، دوستوں اور عوام راج تحریک نے مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا اور ثابت قدمی سے ان کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے اپنے بیٹے بالاج کا خصوصی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پہلی مرتبہ انہیں محسوس ہوا کہ ان کا بیٹا بڑا ہوگیا ہے۔ اقرار الحسن نے ان افراد کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی گرفتاری کو انہیں ہیرو بنانے کے لیے رچایا گیا ڈرامہ قرار دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اینکر پرسن اقرار الحسن کی ضمانت منظور، عدالت نے 2 لاکھ روپے کے مچلکوں پر رہائی کا حکم دے دیا
انہوں نے ناقدین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے لوگوں کو خود کو ان کی جگہ رکھ کر سوچنا چاہیے کہ کیا وہ محض ایک ڈرامے کے لیے اپنے اہلخانہ اور بچے کو عدالتوں کے باہر اس طرح مشکلات اور تذلیل کا سامنا کرتے دیکھنا پسند کریں گے؟
اقرار الحسن نے واضح کیا کہ انہوں نے کبھی کسی سیاستدان کی قید کو جائز قرار نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے سیاسی اختلافات کے باوجود، جن کے بارے میں ان کا مؤقف ہے کہ انہوں نے اپنے 30 سالہ سیاسی کیریئر میں اسٹیبلشمنٹ کی حمایت حاصل کی، وہ ان کی رہائی، علاج اور ملاقاتوں کے حق میں آواز اٹھاتے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ’کیا اب رائے دینا بھی چھوڑ دیں‘؟، ایف آئی اہلکار سے الجھنے پر سبینہ فاروق سابق ٹی وی میزبان اقرار الحسن پر برس پڑیں
انہوں نے کہا کہ اسی طرح نواز شریف اور مریم نواز کی قید پر بھی انہوں نے کبھی خوشی کا اظہار نہیں کیا۔ اس حوالے سے ان کا ضمیر مطمئن ہے۔ انہوں نے اپنے سیاسی نظریے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی تحریک کا بنیادی بیانیہ ملک سے انتقامی سیاست کا خاتمہ اور چادر و چاردیواری کے تقدس کو یقینی بنانا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جمہوریت کا آغاز سیاسی جماعتوں کے اندر سے ہونا چاہیے اور سیاسی جماعتوں کو شخصیت پرستی اور موروثی سیاست سے نجات دلانا ضروری ہے۔ اقرار الحسن نے عزم ظاہر کیا کہ وہ پاکستان اور عوام کے لیے اپنی استطاعت کے مطابق ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: اقرار الحسن 3 بیویوں کے ہمراہ ہنسی خوشی زندگی کیسے بسر کر رہے ہیں؟، فرح اقرار نے سب بتا دیا
واضح رہے کہ معروف صحافی اقرار الحسن کو قومی سائبر کرائم تحقیقاتی ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پیکا ایکٹ کے تحت ریاست مخالف مواد پھیلانے کے الزام میں 12 اکتوبر کے قریب گرفتار کیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں کراچی کی سینٹرل جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر رکھا گیا تھا۔










