گرافک ڈیزائننگ کے معروف عالمی پلیٹ فارم کینوا نے اپنی 13 سالہ تاریخ کی پہلی بڑی تنظیمِ نو کا اعلان کرتے ہوئے 1,271 ملازمین کو فارغ کرنے کے فیصلے کی تصدیق کر دی ہے۔ متاثرہ ملازمین کمپنی کی مجموعی افرادی قوت کا 22 فیصد ہیں۔
کمپنی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق تنظیمِ نو کے تحت بعض ملازمین کو ملازمت سے فارغ کیا جائے گا جبکہ کچھ ملازمین کو مرکزی دفاتر میں منتقل ہونے یا اپنے عہدوں میں تبدیلی قبول کرنے کے لیے کہا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: کینوا نے جدید اے آئی فیچرز سے لیس اپنا ڈیزائن ماڈل متعارف کرادیا
کینوا کی چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) میلانیا پرکنز نے 4 نومبر کو ملازمین کے نام ایک ای میل میں کہا کہ کمپنی نے مستقبل کی ضروریات، تنظیمی ڈھانچے، ٹیموں کے مقامات اور مطلوبہ مہارتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ مشکل فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے متاثرہ ملازمین سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی ان کی معاونت کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔
کینوا نے ملازمت سے فارغ ہونے والے ملازمین کے لیے خصوصی معاوضے اور مراعات کے پیکیج کا اعلان کیا ہے جس کے تحت ہر متاثرہ ملازم کو کم از کم چھ ماہ کی تنخواہ ادا کی جائے گی۔ اس میں قانونی طور پر واجب الادا مراعات بھی شامل ہوں گی جبکہ ملازمین اپنے کمپنی کی جانب سے فراہم کردہ ایپل میک بکس بھی اپنے پاس رکھ سکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: جیمینائی میں 13 نئی ایپس شامل، اب تفریح سے روزمرہ معاملات تک مزید کام ہوں گے
کمپنی کے مطابق جن ممالک میں پہلے سے ہیلتھ کوریج فراہم کی جا رہی ہے وہاں متاثرہ ملازمین کو مزید 12 ماہ تک طبی سہولیات حاصل رہیں گی۔ اس کے علاوہ ملازمین اور ان کے اہلِ خانہ کو ایک سال تک کینوا کیئر (Canva Care) کے تحت ایمپلائی اسسٹنس پروگرام کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔
گزشتہ ایک سال کے دوران بھرتی ہونے والے ملازمین کے لیے ایک سالہ ویسٹنگ کلف کی شرط بھی ختم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اے آئی کا قدرتی دماغ کی طرح کام کرنا ممکن بنالیا گیا
کمپنی نے متاثرہ ملازمین کو نئی ملازمت تلاش کرنے میں معاونت فراہم کرنے کے لیے ایک سال کی لنکڈ اِن پریمیم رکنیت دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔ اس کے ساتھ انفرادی کیریئر کوچنگ اور انٹرویو کی تیاری کے لیے خصوصی رہنمائی فراہم کی جائے گی۔
ملازمین کو رضاکارانہ طور پر کمپنی کی ایلومنائی ٹیلنٹ ڈائریکٹری میں شامل ہونے کا موقع بھی دیا جائے گا، جسے کینوا اپنے سرمایہ کاروں، کاروباری شراکت داروں اور انڈسٹری سے وابستہ اہم اداروں اور افراد کے ساتھ شیئر کرے گی تاکہ سابق ملازمین کو روزگار کے نئے مواقع مل سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا بھر میں انٹرنیٹ سروس متاثر: گڑبڑ کے پیچھے کلاؤڈ فلیئر، یہ ہے کیا؟
کینوا نے ملازمت چھوڑنے والے ایسے ملازمین کے لیے ’کینوا کلیکٹو فنڈ‘ بھی متعارف کرایا ہے جو اپنا کاروبار یا نیا منصوبہ شروع کرنا چاہتے ہیں۔ اس پروگرام کے تحت اہل ملازمین کو 10 ہزار امریکی ڈالر کی گرانٹ فراہم کی جائے گی۔
کمپنی نے واضح کیا ہے کہ اس مالی معاونت کے بدلے وہ ملازمین کے کاروبار یا منصوبوں میں کسی قسم کے حصص، ملکیت یا دیگر حقوق کا مطالبہ نہیں کرے گی۔
کینوا کی جانب سے اعلان کردہ یہ اقدامات ملازمتوں میں بڑی کمی کے باوجود متاثرہ ملازمین کو مالی تحفظ، صحت کی سہولیات اور مستقبل میں روزگار یا کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کی کوشش کا حصہ ہیں۔










