مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اسعد محمود نیب اور ایف آئی اے کے ریڈار پر، پوسٹ آفس میں غیرقانونی بھرتیوں کا الزام

بدھ 4 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پوسٹ آفس میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے بیٹے اور سابق وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کو طلب کرلیا۔

نیب راولپنڈی نے اسعد محمود کو 10 نومبر کو صبح 11 بجے طلبی کا نوٹس جاری کیا ہے۔ تحقیقات کا تعلق 2022 سے 2023 کے دوران ان کے وزارت مواصلات کے دور میں پاکستان پوسٹ آفس میں ہونے والی بھرتیوں سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مولانا فضل الرحمان کے بیٹے گورنر خیبرپختونخوا؟ جے یو آئی کا موقف سامنے آگیا

نیب کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ آفس میں 3 ہزار 938 آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی تھی، تاہم مبینہ طور پر اس کے برعکس 4 ہزار 252 افراد کو ملازمتیں دی گئیں۔ اسی طرح کابینہ کمیٹی کی ہدایات کے برخلاف 2 ہزار 646 ختم شدہ آسامیوں پر بھی بھرتیاں کیے جانے کا معاملہ تحقیقات کا حصہ ہے۔

طلبی کے نوٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے کنٹریکٹ بنیادوں پر بھرتیوں کی سفارش کی گئی تھی، لیکن اس کے بجائے مستقل تقرریاں کی گئیں۔

نیب نے بھرتیوں کے عمل میں جعلی اور بوگس دستاویزات کے استعمال، زائد العمر امیدواروں کو ملازمتیں دینے اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں سے متعلق بھی سوالات اٹھائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فضل الرحمان سے منسلک مدارس کو غیر قانونی تعمیرات پر سی ڈی اے کے نوٹسز، 15 روز میں خلاف ورزیاں دور کرنے کی ہدایت

ادھر ایف آئی اے کے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے بھی اسعد محمود کو اسی معاملے میں طلب کیا ہے۔ ایف آئی اے نے انہیں 2 نومبر کو صبح 11 بجے بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا تھا۔

ایف آئی اے بھی پاکستان پوسٹ آفس میں بھرتیوں کے دوران مبینہ سنگین بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے الزامات کی تحقیقات کر رہا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp