وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ کے اختیارات گورنر کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی

بدھ 4 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں ایمرجنسی کے دوران روزمرہ کے انتظامی امور چلانے کے لیے وزیراعلیٰ کو تفویض کردہ اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور 10 روپے کے نوٹ کی جگہ سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دی۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خیبرپختونخوا کے انتظامی امور، نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن، پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون سمیت مختلف امور پر اہم فیصلے کیے گئے۔

مزید پڑھیں: گورنر راج سے ایک روز قبل وزیراعلیٰ ہاؤس میں کیا ہوا تھا؟ بیرسٹر گوہر نے اندرونی کہانی سنا دی

وفاقی کابینہ نے خیبرپختونخوا میں انتظامی امور کو مؤثر بنانے اور گورننس کی بہتری کے لیے صوبے میں ایمرجنسی کی مدت کے دوران وزیراعلیٰ کو حاصل اختیارات گورنر خیبرپختونخوا کو منتقل کرنے کی منظوری دی۔

فیصلے کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا ان اختیارات کے استعمال سے متعلق ہر ماہ وفاقی حکومت کو جائزہ رپورٹ پیش کریں گے۔

وفاقی کابینہ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ خیبرپختونخوا ایڈوائزری کونسل گورنر کی قیادت میں صوبے کے عوام کی فلاح و بہبود، خوشحالی اور امن و امان کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کرے گی۔

نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن اور 10 روپے کے سکے کی منظوری

وفاقی کابینہ نے وزارت خزانہ کی سفارش پر نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی۔

اجلاس میں کابینہ کو نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ نئے نوٹوں کی تیاری کے لیے ملک بھر کے مصوروں اور ڈیزائنرز سے تجاویز حاصل کی گئیں۔

بریفنگ کے مطابق وزیراعظم کی قائم کردہ کابینہ کمیٹی نے نئے کرنسی نوٹوں کے ڈیزائن کے حوالے سے تمام متعلقہ فریقوں سے تفصیلی مشاورت بھی کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ جعلی کرنسی کی روک تھام کے لیے نئے نوٹوں میں جدید سیکیورٹی فیچرز شامل کیے جائیں گے، جبکہ ان کی تیاری میں جدید میٹریل استعمال کیا جائے گا تاکہ نوٹوں کی پائیداری اور قابل استعمال مدت میں اضافہ ہوسکے۔

وفاقی کابینہ نے 10 روپے کے بینک نوٹ کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی بھی منظوری دے دی۔

پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور کویت کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے کی توثیق کردی۔

یہ معاہدہ 11 جون 2023 کو طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ کویتی حکومت اس معاہدے کی 19 جولائی کو توثیق کرچکی ہے۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگنے کے بعد پی ٹی آئی دور کے 74 قوانین پر نظرثانی کا اہم فیصلہ

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے حکومتی ملکیتی اداروں (CCOSOEs) کے 26 اکتوبر کو ہونے والے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی بھی توثیق کردی۔

اس کے علاوہ کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے قانون سازی (CCLC) کے 22 جنوری، 26 فروری، 5، 18 اور 27 اگست، جبکہ 11 اور 22 ستمبر کو ہونے والے اجلاسوں کے فیصلوں کی بھی منظوری دے دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp