پاکستان کی 24 سالہ مکسڈ مارشل آرٹس فائٹر ملیحہ علی نے جارجیا کے دارالحکومت تبلیسی میں انٹرنیشنل مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن (آئی ایم ایم اے ایف) ورلڈ چیمپیئن شپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے روس کی 2 مرتبہ یورپی چیمپیئن ویرونیکا ڈروزدووا کو اسپلٹ فیصلے کے ذریعے شکست دے کر بڑا اپ سیٹ کردیا۔
گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ سے تعلق رکھنے والی ملیحہ علی نے خواتین کے فیدر ویٹ 65.8 کلوگرام مقابلے میں سخت اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔
Pakistani 🇵🇰 #MMA fighters continue to shine at the #IMMAF World Championships in Georgia 🇬🇪. In a sensational victory, Maliha Ali, hailing from Gilgit-Baltistan, defeated Russian 🇷🇺 MMA star Veronika Drozdova, a two-time European 🇪🇺 champion who was considered the favourite to win her weight category.
— Naya Daur Videos (@nayadaurpk_urdu) November 3, 2026
اس فتح کے ساتھ انہوں نے کوارٹر فائنل میں بھی جگہ بنالی، جہاں ان کا مقابلہ بدھ کو میکسیکو کی فائٹر اینڈریا گیبریلا گزمین سالازار سے ہوگا۔
پہلے2 راؤنڈز میں ملیحہ کی برتری فیصلہ کن ثابت
منگل کو ہونے والے مقابلے میں ملیحہ علی نے ابتدا محتاط انداز میں کی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے حریف پر دباؤ بڑھانا شروع کردیا۔
یہ بھی پڑھیں:منیشا علی نے آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں گولڈ میڈل جیت لیا
ملیحہ نے اپنے ساؤتھ پاؤ (بائیں ہاتھ سے فائٹ کرنے کے مخصوص انداز )کا مؤثر استعمال کرتے ہوئے روسی حریف کو متعدد مرتبہ اکھاڑے کی جالی کے ساتھ محدود رکھا۔
پہلے راؤنڈ کے اختتامی لمحات میں پاکستانی فائٹر نے کئی درست اور مؤثر ضربیں لگائیں، تاہم ویرونیکا ڈروزدووا بھی جوابی کارروائی میں چند طاقتور مکے لگانے میں کامیاب رہیں۔
دوسرے راؤنڈ میں ملیحہ نے اپنی برتری مزید مستحکم کرتے ہوئے حریف کو زمین پر گرا کر ٹیک ڈاؤن حاصل کیا اور فل ماؤنٹ پوزیشن میں پہنچ گئیں، جہاں سے انہوں نے مسلسل طاقتور ضربیں لگائیں۔
تاہم تیسرے اور آخری راؤنڈ میں مقابلے کا پانسہ کچھ حد تک پلٹ گیا، جب ڈروزدووا نے ملیحہ کو ٹیک ڈاؤن کرکے زمینی مقابلے میں زیادہ وقت تک کنٹرول برقرار رکھا۔
اگرچہ پاکستانی فائٹر آخری راؤنڈ میں اپنی حریف کے مقابلے میں قدرے کمزور دکھائی دیں، تاہم ابتدائی 2 راؤنڈز میں حاصل کردہ برتری ان کی کامیابی کے لیے کافی ثابت ہوئی اور ججز نے اسپلٹ فیصلے کے ذریعے ملیحہ علی کو فاتح قرار دے دیا۔
انگولا میں سلور میڈل کے بعد عالمی سطح پر ایک اور کامیابی
ملیحہ علی اس عالمی مقابلے میں شرکت سے قبل بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا چکی ہیں۔
وہ ووشو کی چیمپیئن ہونے کے ساتھ قومی سطح پر کک باکسنگ میں گولڈ میڈل بھی حاصل کرچکی ہیں، جبکہ رواں سال انگولا میں منعقدہ آئی ایم ایم اے ایف ورلڈ کپ میں سلور میڈل جیت کر عالمی سطح پر اپنی موجودگی کا احساس دلایا تھا۔
Pakistan’s Maliha Ali pulled off a major upset at the IMMAF World Championships in Tbilisi, Georgia, defeating two-time European champion Veronika
https://t.co/bh2sR6TYQD
#DialoguePakistan https://t.co/CHL3qULZxx
— Dialogue Pakistan (@DialoguePak) November 4, 2026
انگلولا میں ہونے والے مقابلے کے بعد ان کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے تربیت اور تیاری کے نظام میں بہتری لانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے تھے۔
6 ہفتوں کا تربیتی کیمپ، بین الاقوامی کوچ کی خدمات حاصل
پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر عمر احمد کے مطابق ملیحہ علی کی سابقہ کارکردگی اور انگولا میں سامنے آنے والی کمزوریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹیم کے لیے6 ہفتوں پر مشتمل خصوصی تربیتی کیمپ منعقد کیا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستانی فائٹرز کی تکنیکی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اور خصوصاً جیو جِتسو اور گراپلنگ میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے لیے بین الاقوامی کوچ کی خدمات بھی حاصل کی گئیں۔
مزید پڑھیں:پاکستان کی منیشہ علی کی شاندار فتح، انگولا کی فائٹر کو شکست دے کر گولڈ میڈل جیت لیا
عمر احمد کے مطابق ان اقدامات کا مقصد عالمی سطح پر مضبوط حریفوں کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستانی کھلاڑیوں کو زیادہ بہتر انداز میں تیار کرنا تھا۔
روسی ٹیم کو بھاری وسائل کی دستیابی، پاکستان محدود فنڈز کے ساتھ میدان میں
پاکستان ایم ایم اے فیڈریشن کے صدر نے عالمی چیمپیئن شپ میں شریک روسی اور پاکستانی ٹیموں کے درمیان وسائل کے واضح فرق کی بھی نشاندہی کی۔
ان کے مطابق روسی دستہ 60 سے زیادہ کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، جسے ادارہ جاتی سطح پر خاطر خواہ معاونت اور مالی وسائل حاصل ہیں، جبکہ پاکستان کی فیڈریشن ایونٹ میں شریک کم ترین فنڈز رکھنے والی فیڈریشنز میں شامل ہے۔
عمر احمد نے تسلیم کیا کہ دونوں ممالک کی ٹیموں کو دستیاب سہولیات اور وسائل میں نمایاں فرق ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کے عزم، محنت اور مقابلے کے جذبے نے انہیں مضبوط اور مستحکم حریفوں کے سامنے اپنی صلاحیتیں منوانے کے قابل بنایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ محدود وسائل کے باوجود پاکستانی فائٹرز بین الاقوامی سطح پر بہتر نتائج حاصل کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کررہے ہیں۔
گزشتہ سال بھی پاکستانی ٹیم کی شرکت نجی سرپرستی سے ممکن ہوئی
پاکستانی ایم ایم اے ٹیم کو درپیش مالی مشکلات کا اندازہ اس امر سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ گزشتہ سال تبلیسی میں منعقدہ عالمی چیمپیئن شپ میں پاکستان کی شرکت کے تمام اخراجات بھی مکمل طور پر نجی اسپانسرشپ کے ذریعے پورے کیے گئے تھے۔
رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی ٹیم کو حکومتی فنڈنگ حاصل نہیں تھی اور نجی شعبے کی مالی معاونت ہی پاکستانی کھلاڑیوں کی عالمی مقابلوں میں شرکت کا ذریعہ بنی تھی۔
اس کے باوجود پاکستانی فائٹرز کی بین الاقوامی مقابلوں میں مسلسل شرکت اور نمایاں کارکردگی اس امر کی عکاس ہے کہ محدود سہولیات کے باوجود ملکی کھلاڑی عالمی سطح پر اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کررہے ہیں۔
کوارٹر فائنل میں میکسیکو کی فائٹر سے مقابلہ
روسی حریف کو شکست دینے کے بعد اب ملیحہ علی کا اگلا امتحان میکسیکو کی فائٹر اینڈریا گیبریلا گزمین سالازار کے خلاف ہوگا، جن سے ان کا کوارٹر فائنل مقابلہ بدھ کو شیڈول ہے۔
یہ بھی پڑھیں:افغان ایم ایم اے فائٹر کے ساتھ ’لیو ان ریلیشن‘ میں ہوں، جیکی شروف کی بیٹی کا اعتراف
ملیحہ کی حالیہ کامیابی نہ صرف ان کے ذاتی کھیل کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے بلکہ پاکستانی مکسڈ مارشل آرٹس کے لیے بھی ایک حوصلہ افزا پیش رفت ہے۔
دو مرتبہ کی یورپی چیمپیئن کو شکست دے کر انہوں نے ثابت کیا ہے کہ عالمی معیار کے مقابلوں میں مہارت، حکمت عملی اور غیرمتزلزل عزم کے ذریعے محدود وسائل کے باوجود بڑی کامیابیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔
اب شائقین کی نظریں ان کے اگلے مقابلے پر مرکوز ہیں، جہاں کامیابی انہیں عالمی چیمپیئن شپ کے سیمی فائنل کے مزید قریب لے جائے گی۔










