سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) نے بدھ کے روز گھریلو صارفین کے لیے موسم سرما میں گیس فراہمی کے مخصوص اوقات کا اعلان کر دیا ہے جس میں حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق کھانا پکانے کے اوقات میں فراہمی کو ترجیح دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گیس کی قیمتوں کے تعین کا نیا طریقہ متعارف کرانے کا بل سینیٹ میں پیش
ایکس پر ایک پوسٹ میں ایس ایس جی سی نے کہا کہ وہ گھریلو صارفین کو ترجیح دینے اور کھانا پکانے کے مقررہ اوقات میں گیس کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
شیڈول
ناشتہ: صبح 6:30 بجے سے 9:00 بجے تک
دوپہر کا کھانا: دن 12:00 بجے سے 2:30 بجے تک
رات کا کھانا: شام 6:00 بجے سے رات 9:00 بجے تک
کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ انتظامات اس موسم سرما میں گیس لوڈ کو مؤثر طریقے سے منظم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں جبکہ حکومتی ہدایات کے مطابق مستحکم سپلائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
واضح رہے کہ ایس ایس جی سی پاکستان کی دوسری بڑی گیس ٹرانسمیشن اور ڈسٹری بیوشن کمپنی ہے جس کا فرنچائز ایریا سندھ اور بلوچستان کے صوبوں پر مشتمل ہے۔ کمپنی کا نیٹ ورک تقریباً 55 ہزار کلومیٹر پر پھیلا ہوا ہے اور یہ سندھ اور بلوچستان میں گیس کی ترسیل اور تقسیم کی ذمہ دار ہے۔
مزید پڑھیے: مبارک پور: 15 برس بھی سوئی گیس کا انتظار ختم نہ ہوسکا، شہریوں کا بااختیار یونٹس کی تشکیل کا مطالبہ
اس کے سروس ایریا میں کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ، نواب شاہ، اور سندھ کے دیگر شہر و قصبے جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، سبی، پشین، قلات، مستونگ، زیارت، جعفر آباد، اوستہ محمد، خضدار، گوادر اور حب انڈسٹریل اسٹیٹ سمیت دونوں صوبوں کے بڑے شہر شامل ہیں۔
ایل پی جی سیکٹر میں بڑی اصلاحات
ایک روز قبل حکومت نے مائع پیٹرولیم گیس (ایل پی جی) کے شعبے کو مسابقت کے لیے کھولنے، سپلائی بہتر بنانے اور منافع خوری روکنے کے لیے بڑی اصلاحات کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کم آمدنی والے طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کی ہدایت کی ہے۔
وزیر کے مطابق مقامی ایل پی جی پیداوار روزانہ تقریباً 2000 سے 2500 ٹن ہے جبکہ طلب کا بڑا حصہ مغربی سرحد سے درآمدات سے پورا ہوتا تھا۔ سپلائی میں خلل کے باعث کچھ مارکیٹ پلیئرز ایل پی جی 700 سے 800 روپے فی کلو تک فروخت کر رہے تھے۔
نئی اصلاحات کے تحت
مقامی ایل پی جی کو اوگرا سے لائسنس یافتہ کمپنیوں میں 5 سے 10 ٹن کے شفاف لاٹس میں نیلام کیا جائے گا۔
مزید پڑھیں: ایران سے سستا تیل اور گیس، کیا پاکستان کے توانائی بحران کا حل قریب آگیا؟
نیلامی کے نتائج پبلک کیے جائیں گے اور اس عمل کی نگرانی سیکریٹری پیٹرولیم اور چیئرمین اوگرا کریں گے۔
پاکستان اسٹیٹ آئل، سوئی سدرن گیس کمپنی اور پاکستان ایل این جی لمیٹڈ کو حکومت سے حکومت اور بزنس سے بزنس معاہدوں کے ذریعے بلک سپلائی کا انتظام کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
مستحق گھرانوں کے لیے سبسڈی پر ایل پی جی فراہمی کے لیے پرائس اسٹیبلائزیشن اور کمزور صارفین کے تحفظ کے فنڈز قائم کیے جائیں گے۔
دور دراز اور مشکل علاقوں کے لیے مختص 10 فیصد ایل پی جی کوٹہ کا صحیح استعمال یقینی بنایا جائے گا۔
وزیر نے بتایا کہ مسابقتی کمیشن کو کارٹلائزیشن کے خلاف کارروائی کا کہا گیا ہے جبکہ اوگرا لائسنسنگ اور آڈٹ کا نظام مضبوط کرے گا۔
وزیر نے یقین دلایا کہ حکومت موسم سرما میں گیس کی طلب پوری کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گ خاص طور پر کھانے کے اوقات میں۔ توقع ہے کہ گھریلو طلب میں 400 سے 500 ملین کیوبک فٹ یومیہ اضافہ ہوگا اور درآمدی ایل این جی کے ذریعے متبادل انتظامات کیے جائیں گے۔
This winter as per the directives of Government of Pakistan, SSGC is committed to prioritizing domestic customers and ensuring gas availability during designated cooking hours. pic.twitter.com/edBxTWOdav
— SSGC Official (@SSGC_Official) November 4, 2026
وزیر اطلاعات تارڑ نے کہا کہ حکومت نے ایل پی جی اجارہ داری اور صوابدیدی کوٹہ سسٹم ختم کر کے شفافیت اور مسابقت متعارف کرائی ہے۔ وزیراعظم نے صارفین کو 130 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: کراچی: بورنگ کے دوران لگنے والی آگ پر قابو نہ پایا جا سکا، کیا زیرزمین گیس کا بڑا ذخیرہ موجود ہے؟
حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئل ریفائنریز 30 دن میں مجموعی طور پر 15 ارب روپے کا بوجھ برداشت کریں گی جس سے پیٹرول کی قیمت میں صارفین کے لیے 14.71 روپے فی لیٹر کمی ممکن ہوئی ہے۔










