پیٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی کے مذاکرات فیصلہ کن مرحلے میں داخل، ٹیکنیکل کمیٹیوں کا اجلاس طے

بدھ 4 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے کے معاملے پر حکومت اور جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل کمیٹیوں کا اجلاس ایک دن کے لیے مؤخر کردیا گیا ہے، جو اب کل جمعرات کو ہوگا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے جماعت اسلامی کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق مذاکرات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیاقت بلوچ کے مطابق حکومت اور جماعت اسلامی کی ٹیکنیکل کمیٹیوں اور ماہرین کا اجلاس آج بدھ کو طے تھا، تاہم حکومت نے متعلقہ ڈیٹا کی حتمی تیاری کے لیے مزید ایک دن کی مہلت طلب کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومتی درخواست کے بعد دونوں اطراف کی ٹیکنیکل کمیٹیوں کا اجلاس اب جمعرات کو ہوگا، جس میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دینے سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ دونوں فریقوں کے درمیان طے پانے والے مسودے کا جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان خود جائزہ لیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان اور جماعت اسلامی کے دیگر قائدین سے مشاورت کے بعد ہی آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ جماعت اسلامی حکومت سے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی ختم کرنے کا مطالبہ کررہی ہے، جبکہ حکومت کا مؤقف ہے کہ آئی ایم ایف پروگرام میں ہونے کی وجہ سے لیوی فوری ختم نہیں کی جا سکتی، تاہم مستحق افراد کو ٹارگٹڈ سبسڈی دی جارہی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp