شکست کی ساری ذمہ داری مجھ پر کیوں؟ پاکستان کے فٹ کھلاڑی بھی بھارت کے خلاف 120 رنز نہ کرسکے، اعظم خان

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر اعظم خان نے 2024 کے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناقص کارکردگی پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے اپنی فٹنس پر سوال اٹھانے والوں کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔

ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے اعظم خان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ٹیم کی ناکامی کا سارا ملبہ ان پر ڈالنا ناانصافی تھی کیونکہ انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک میچ کھیلا اور محض ایک گیند کھیلی۔

اعظم خان نے کہا کہ 2024 کے ورلڈ کپ میں ہر ناکامی کا ذمہ دار انہیں قرار دیا گیا حالانکہ وہ صرف ایک میچ میں شریک ہوئے تھے۔ ان کے بقول جب انہوں نے پورے ٹورنامنٹ میں صرف ایک گیند کھیلی تو انہیں ٹیم کی مجموعی ناکامی کا ذمہ دار کیسے ٹھہرایا جا سکتا ہے؟

فٹنس پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فٹنس کے حوالے سے بہترین سمجھے جانے والے کھلاڑی بھی بھارت کے خلاف 120 رنز کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے، اس کے باوجود تنقید کا مرکز انہیں بنایا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: ’اچھا پلیئر تھا‘، اپنے انتقال کی خبر پر اعظم خان کا دلچسپ ردعمل وائرل

واضح رہے کہ 9 جون 2024 کو نیویارک میں کھیلے گئے ٹی 20 ورلڈ کپ کے اہم میچ میں بھارت نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دی تھی۔ بھارتی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 119 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی تھی تاہم پاکستانی بیٹنگ لائن مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی۔

پاکستان کو آخری 8 اوورز میں 48 رنز درکار تھے اور اس کی 8 وکٹیں باقی تھیں لیکن بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ کی شاندار بولنگ نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔ بمراہ نے 14 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ پاکستان مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 113 رنز ہی بنا سکا۔

یہ بھی پڑھیں: ’مریم اورنگزیب سے اعظم خان تک، گیم آن ہے‘، قومی کرکٹر کی نئی تصاویر پر سوشل میڈیا صارفین حیران

محمد رضوان 44 گیندوں پر 31 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ سابق کپتان بابر اعظم 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کو اس سے قبل امریکا کے خلاف بھی سپر اوور میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ مسلسل دو ناکامیوں کے بعد قومی ٹیم گروپ مرحلے سے آگے نہ بڑھ سکی اور سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کرنے میں ناکام رہی۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے ایشلے نوفکے کی جگہ پاکستان ٹیم کے نئے بولنگ کوچ کا اعلان کر دیا

اعظم خان نے ٹورنامنٹ میں صرف امریکا کے خلاف افتتاحی میچ کھیلا تھا جہاں وہ پہلی ہی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے تھے۔ انہیں بھارت کے خلاف میچ میں ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد وہ کسی میچ میں میدان میں نہیں اترے۔

اعظم خان کا مؤقف ہے کہ ایک میچ کھیلنے والے کھلاڑی کو پورے ٹورنامنٹ کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرانے کے بجائے ٹیم کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جانا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp