امریکی وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کی نمایاں کامیابی کے بعد نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے اسے امریکا میں سیاسی قیادت کے ایک نئے دور کا آغاز قرار دیاہے۔
بدھ کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب کے انتخابی نتائج نے یہ احساس دلایا ہے کہ امریکا میں ایک نئے دور کا آغاز ہوچکا ہے، تاہم ترقی پسند سیاسی قوتوں کو اپنی کامیابیوں کا تسلسل برقرار رکھنا ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: کامیابیوں کا کریڈٹ لینے پر ممدانی کا جے ڈی وینس کو طنزیہ جواب وائرل
ان کے مطابق ڈیموکریٹس کی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں کامیابی نے اپوزیشن کو دفاعی حکمت عملی سے نکل کر عملی اور جارحانہ سیاسی اقدامات کرنے کا موقع فراہم کردیا ہے۔
ممدانی نے کہا کہ اب تک ڈیموکریٹس کی توجہ اس بات پر مرکوز رہی کہ زیادہ سے زیادہ امریکی شہریوں کو فوڈ اسٹیمپ پروگرام کی سہولت اور صحت کی انشورنس سے محروم ہونے سے کیسے بچایا جائے۔
It's morning again in America. pic.twitter.com/zywVt0FW46
— Zohran Kwame Mamdani (@ZohranKMamdani) November 4, 2026
ان کے بقول ریپبلکنز کے حمایت یافتہ قانون ’ون بگ بیوٹی فل بل ایکٹ‘ کے تحت ہونے والی کٹوتیوں نے عام شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کیں۔
انہوں نے زور دیا کہ اب ڈیموکریٹس کو دفاعی پوزیشن سے آگے بڑھ کر ایسے اقدامات کرنے چاہییں جن سے عوام کی زندگی آسان اور اخراجات میں کمی آسکے۔
ممدانی کا کہنا تھا کہ انتخابی کامیابی کو ایسی تبدیلی میں تبدیل کرنا ہوگا جس کا اثر امریکی شہری اپنی جیبوں میں محسوس کرسکیں۔
مزید پڑھیں: ظہران ممدانی اور راما دواجی کی ٹرین کے اندر لی گئی تصاویر وائرل، فوٹوگرافر نے کہانی بتادی
حالیہ انتخابی نتائج میں ڈیموکریٹس نے ریپبلکنز کی کم از کم 7 نشستیں حاصل کیں، جن میں روایتی طور پر ریپبلکنز کے مضبوط سمجھے جانے والے علاقے بھی شامل ہیں، ایوان نمائندگان میں بھی پارٹی نے نمایاں کامیابیاں حاصل کیں۔
ظہران ممدانی نے 2025 میں نیویارک کے میئر کا انتخاب جیت کر قومی سطح پر نمایاں مقام حاصل کیا تھا، حالیہ پرائمری انتخابات میں انہوں نے نیویارک شہر کی 3 کانگریسی نشستوں پر ترقی پسند امیدواروں بریڈ لینڈر، کلیئر ویلڈیز اور ڈاریالیزا اویلا شیولیئر کی حمایت کی تھی، تینوں امیدوار منگل کے روز ہونے والے انتخابات میں کامیاب ہوگئے۔
ان میں بریڈ لینڈر اور ڈاریالیزا اویلا شیولیئر نے ان ڈیموکریٹک امیدواروں کو شکست دی جنہیں وہ پارٹی پرائمری انتخابات میں بھی ہرا چکے تھے۔
مزید پڑھیں: نیویارک میں آئی سی ای اہلکار کی فائرنگ، میئر ظہران ممدانی کا ٹرمپ سے زخمی شخص کی رہائی کا مطالبہ
کلیئر ویلڈیز اور ڈاریالیزا اویلا شیولیئر کا تعلق بھی ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکا سے ہے، جس سے ممدانی بھی وابستہ ہیں۔
میئر نیویارک نے ان کامیابیوں پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ دونوں نومنتخب ارکان کے ساتھ وفاقی سطح پر عوام کو معاشی ریلیف فراہم کرنے کے ایجنڈے پر مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں۔
دوسری جانب نیویارک سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹک رہنما حکیم جیفریز اور چک شومر بھی بالترتیب ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں اپنی جماعت کی قیادت سنبھالنے کی تیاری کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: اقوام متحدہ میں بولے گئے جھوٹ نیتن یاہو کے جنگی جرائم نہیں چھپا سکتے، نیویارک میئر ظہران ممدانی
ممدانی نے دونوں رہنماؤں کی واشنگٹن میں موجودگی کو نیویارک کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہر کے مسائل سے واقف قیادت ہی عوامی مشکلات کو بہتر انداز میں سمجھ سکتی ہے۔
ان کے مطابق نیویارک کے شہریوں کے مسائل ان رہنماؤں کے لیے محض سیاسی یا نظریاتی معاملات نہیں بلکہ وہ روزانہ اپنے حلقوں میں لوگوں سے ان مشکلات کے بارے میں سنتے ہیں۔
ممدانی نے بتایا کہ انہوں نے حکیم جیفریز سے رابطہ کرکے انہیں انتخابی کامیابیوں پر مبارک باد بھی دی ہے اور دونوں کے درمیان خوشگوار ورکنگ ریلیشن شپ قائم ہے۔











