امریکی الیکشن جو ریفرنڈم بن گیا

جمعرات 5 نومبر 2026
author image

رعایت اللہ فاروقی

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

3 نومبر کے وسط مدتی امریکی انتخابات کے نتائج توقعات کے عین مطابق نہیں بلکہ اس سے آگے کی چیز ہیں۔ مگر ان نتائج اور ان کے اثرات کے جائزے سے قبل یہ نکتہ سمجھنا ضروری ہے کہ امریکی انتخابی نظام اپنے اثرات پیدا کیسے کرتا ہے ؟ امریکی انتخابات میں جسے ہم عام طور پر صدارتی انتخاب کے نام سے جانتے ہیں، وہ محض صدارتی انتخاب نہیں ہوتا۔ عین اسی روز امریکی ووٹرز ایوان نمائندگان، سینیٹ اور بعض ریاستوں کے گورنر بھی منتخب کرتے ہیں۔ ان میں سے صدر کی مدت 4 سال، سینیٹرز کی 6 سال اور ہاؤس ممبر کی مدت 2 سال ہوتی ہے۔ اور مدت کے اس فرق میں ہی چیک اینڈ بیلنس کا سارا راز چھپا ہے۔

اس راز کی تشریح کچھ یوں ہے کہ اگر جیتنے والے صدر کی پارٹی سینیٹ اور ہاؤس بھی جیت جائے تو پھر صدر کے پاس کھل کر صدارت کے لئے صرف 2 سال ہوتے ہیں۔ کیونکہ ہاؤس کی مدت تو صرف 2 سال ہے، اور سینیٹ کی تشکیل کچھ اس طرح ہے کہ ہر رکن کی مدت تو 6 سال ہے مگر اس ایوان کی تمام 100 نشستوں پر 6 سال بعد انتخاب نہیں ہوتا بلکہ ہر 2 سال بعد ایک تہائی یعنی 33 سیٹوں پر الیکشن ہوتا ہے۔ سو اگر صدر ان ابتدائی 2 سالوں میں ووٹرز کو متاثر نہ کرسکے تو اس کی کانگریس میں اکثریت ختم ہونا لگ بھگ طے ہوتا ہے۔ جس صدر کے پاس کانگریس میں اکثریت نہ ہو، وہ نہ تو من چاہا بجٹ منظور کروا سکتا ہے، نہ ہی عدلیہ سے لے کر بیوروکریسی تک کسی بھی اعلی منصب پر اپنی پسند کا شخص لا سکتا ہے۔ ایسا صدر بس انتظامی احکامات ہی جاری کر سکتا ہے۔ کوئی بڑی تبدیلی اس کے بس میں نہیں رہتی۔

کانگریس میں اکثریت رکھنے والا صدر اپنا داخلی و خارجی ایجنڈا آسانی سے آگے بڑھا سکتا ہے۔ لیکن وہ کانگریس کو نظر انداز نہیں کرسکتا۔ عام طور پر کانگریس کے حکومتی ارکان صدر کو من مانی کی اجازت نہیں دیتے۔ بلکہ اس ڈیکورم کو قائم رکھتے ہیں کہ صدر کے لیے جن امور میں کانگریس کی منظوری لینا ضروری ہے، ان کی باقاعدہ منظوری لی بھی جائے۔

لیکن 2024 کے انتخابات میں جس قماش کا امریکی صدر منتخب ہوا، اسی قماش کے وہ اراکین کانگریس بھی ساتھ لایا تھا۔ نتیجہ یہ کہ امریکی تاریخ میں پہلی بار یہ ہوا کہ کانگریس نے صدر کو شہنشاہیت کی کھلی چھوٹ دیدی۔ مثلا کانگریس کی منظوری کے بغیر امریکی صدر کسی ملک پر جنگ مسلط نہیں کرسکتا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی تاریخ کی شرمناک جنگ کانگریس کی منظوری کے بغیر ایران پر مسلط کی، اور کانگریس نے اس پر مکمل خاموشی اختیار کرلی۔ اسی طرح ڈونلڈ ٹرمپ نے کھل کر کہا کہ میں عالمی قوانین نہیں مانتا، اپنی ’بداخلاقیات‘ پر چلتا ہوں۔ کانگریس نے اس پر بھی مکمل سکوت اختیار کیا۔ ٹیرف کا معاملہ آیا تو امریکی سپریم کورٹ کو فیصلہ جاری کرنا پڑا کہ ٹیرف صدر کا نہیں کانگریس کا اختیار ہے۔ اور کانگریس کو تب بھی شرم نہ آئی۔

یہ وہ ماحول تھا جس میں 3 نومبر کے وسط مدتی انتخابات کا مرحلہ آیا۔ اگرچہ رائے عامہ کے جائزوں اور سیاسی تجزیہ کاروں کی پیشنگوئی یہی تھی کہ ریپلکن پارٹی یہ انتخاب بری طرح ہارے گی۔ مگر یہ برے نتائج اپنے دامن میں ٹرمپ کے لیے جو ایک خاص طرح کی ہزیمت لائے ہیں اس کی توقع کسی کو بھی نہ تھی۔ یہی وجہ ہے کہ نتائج دیکھ کر تجزیہ کار یک زباں ہوگئے ہیں کہ یہ الیکشن ٹرمپ کے خلاف ریفرنڈم ثابت ہوا ہے۔

تجزیہ کار یہ رائے محض جذباتی بہاؤ میں نہیں پیش کر رہے، بلکہ اس رائے کے پیچھے ٹھوس حقائق کھڑے ہیں۔ مثلاً یہی دیکھ لیجیے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے جن امیدواروں کی بڑھ چڑھ کر حمایت کی ان میں سے بھاری اکثریت کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اور ڈونلڈ ٹرمپ نے جن امیدواروں کے خلاف توہین آمیز مہم چلائی وہ سارے جیت گئے۔ مثلاً ٹرمپ نے جارجیا سے ڈیموکریٹ امیدوار جون اوسوف کو بار بار ’پی وی ہرمن‘ (مشہور کامیڈی کردار) کہا، کمزور اور متکبر قرار دیا۔ لیکن اوسوف دوبارہ منتخب ہوگئے۔ ٹرمپ نے اوہائیو سے ڈیموکریٹ امیدوار شیرڈ براؤن کو مارکسسٹ، کمیونسٹوں کا امیدوار اور اوہائیو کے لیے تباہ کن قرار دیا۔ براؤن بھی دوبارہ سینیٹ میں پہنچ گئے۔

اسی طرح ٹرمپ نے کنساس سے الیکشن لڑنے والے ایڈم ہیملٹن کو عیسائیت کا مذاق اڑانے والا اور منحرف مذہبی شخصیت قرار دیا۔ ہیملٹن نے ری پبلکن سینیٹر راجر مارشل کو شکست دے دی۔ ٹرمپ نے جنوبی کیرولائنا سے خاتون ڈیموکریٹ امیدوار اینی اینڈرویوز کے لیے توہین آمیز لقب استعمال کیا اور انہیں انتہا پسند قرار دیا۔ وہ کامیاب ہوگئیں۔ ٹرمپ نے شمالی کیرولائنا سے الیکشن لڑنے والے رائے کوپر کو احمق، جرائم پیشہ عناصر کا حامی اور جرائم کا ذمہ دار قرار دیا۔ کوپر نے بھی کامیابی حاصل کر لی۔ ٹرمپ نے ٹیکساس سے ڈیموکریٹ امیدوار جیمز ٹالاریکو کے متعلق بار بار کہا کہ وہ گوشت کھانے کے بعد قے کرتے ہیں، اور انہیں انتخابی مہم سے غائب قرار دیا۔ ٹالاریکو نے بھی کامیابی حاصل کر لی۔

مگر سب سے دلچسپ صورتحال مشی گن سے مسلمان امیدوار عبدالرحمان السید کے معاملے میں پیش آئی جو ٹرمپ کا خاص ہدف تھے۔ ٹرمپ نے انہیں سیدھا سیدھا جہادی قرار دیدیا۔ اور 25 اکتوبر کو مشی گن کے ایک جلسے میں یہاں تک کہہ دیا :

’یہ واحد سینیٹر ہوں گے جنہیں سینیٹ میں داخلے کی اجازت ملنے سے پہلے میٹل ڈٹیکٹر (دھاتی ہتھیار کا پتا لگانے والے آلے) سے گزرنا پڑے گا۔ میں چاہتا ہوں کہ ان کے لیے میٹل ڈٹیکٹر رکھا جائے‘۔

ٹرمپ کی اس لاف زنی کا 29 اکتوبر کو السید نے ایسا جواب دیا کہ پورا امریکہ قہقہوں سے گونج اٹھا۔ عبد الرحمان السید نے کہا:

’ڈونلڈ، یہ معاملہ یوں طے کرلیتے ہیں کہ میں دھات پکڑنے والے آلے سے روزانہ گزرتا رہوں گا، بشرطیکہ آپ ایک مرتبہ جھوٹ پکڑنے والے آلے کے سامنے بیٹھ جائیں۔ مجھے کچھ نہیں چھپانا، آپ کو بہت کچھ چھپانا ہے۔ میرا پہلا سوال آپ سے ایپسٹین کے بارے میں ہوگا اور دوسرا یہ کہ کیا آپ نے 2020 کا صدارتی انتخاب جیتا تھا؟‘۔

حالیہ مڈ ٹرم الیکشن کو ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف ریفرنڈم قرار دینے کی ایک بیحد اہم وجہ یہ بھی ہے کہ ان انتخابات میں جہاں موقع ملا ووٹرز نے کچھ ایسے فیصلے صادر کیے جو چونکا دینے والے تھے۔ اور ان فیصلوں نے نئے ریکارڈ قائم کیے۔ مثلاً جارجیا سے کیشا لانس باٹمز امریکی تاریخ کی پہلی سیاہ فام خاتون گورنر منتخب ہوئیں۔ ان سے قبل اس ریاست کے تمام 83 گورنر سفید فام تھے۔ نیو میکسیکو سے ڈیب ہالینڈ امریکا کی پہلی ’اصلی امریکی‘ خاتون گورنر بنیں۔ ہم نے لفظ ’اصلی‘ جان بوجھ کر یوں استعمال کیا کہ جس امریکا کو ہم اور آپ جانتے ہیں اور جس کی عمر صرف 250 سال ہے یہ گوروں کا قبضہ کردہ امریکا ہے۔ اس کے اصل باشندے ریڈ انڈینز ہیں، جو ہزاروں سال سے اس خطے کے اصل مالک ہیں۔ یوں جھوٹی اخلاقی عظمت والے امریکا میں کسی اصل امریکی کو گورنر بننے میں ڈھائی سو سال لگ گئے۔ کیلیفورنیا میں بھی نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے، وہاں پہلی بار لاطینی امریکی گورنر منتخب ہوا ہے۔ اسی طرح کئی ریاستیں ایسی ہیں جہاں پہلی بار خواتین گورنرز منتخب ہوئی ہیں۔

اسی نقطۂ نظر سے امریکی سینیٹ پر نظر ڈالی جائے تو وہاں عبدالرحمان السید امریکی تاریخ کے پہلے مسلمان سینیٹر بنے ہیں۔ منیسوٹا سے پیگی فلینیگن کی صورت امریکی تاریخ کی پہلی اصلی امریکی خاتون سینیٹر منتخب ہوئی ہیں۔ ایک اہم چیز یہ کہ کنساس سے 94 سال بعد پہلی مرتبہ ڈیموکریٹ سینیٹر منتخب ہوا۔ اس سے پہلے 1932 میں یہاں سے ڈیموکریٹ امیدوار کامیاب ہوا تھا۔ ٹیکساس جیسی کٹر کنزرویٹو ریاست سے 1988 کے بعد پہلی بار ڈیموکریٹ امیدوار سینیٹر منتخب ہوا، اور اس ریاست کا نہایت طاقتور ریپبلکن گورنر گریگ ایبٹ ایک ایسی غیر معروف ڈیموکریٹ خاتون کے ہاتھوں بری طرح ہارا جنہیں کوئی بڑا ڈونر چندہ تک دینے پر آمادہ نہ تھا۔

ٹیکساس کا نتیجہ ان انتخابات کا ایک غیر معمولی سرپرائز تھا۔ یہ بش خاندان کا آبائی علاقہ ہے اور 1994 میں یہاں جارج ڈبلیو بش گورنر منتخب ہوئے تھے۔ تب سے اس ریاست میں مسلسل ریپبلکن اقتدار ہی چلا آرہا تھا۔ ٹیکساس کی ایک اور اہمیت یہ ہے کہ یہ کھرب پتی ایلان مسک کا بھی گھر ہے۔ اور حالیہ الیکشن میں مسک نے یہاں ریپبلکن امیدواروں کی انتخابی مہم پر 275 ملین ڈالر خرچ کیے۔ مگر اس بھاری انویسٹمنٹ سے ڈونلڈ ٹرمپ کا پنوتی ہاتھ زیادہ بھاری ثابت ہوا۔ وہ پنوتی ہاتھ جس نے ٹیکساس سے تقریبا 32 سال بعد ریپبلکن اقتدار کا خاتمہ کردیا۔ اسی طرح ایک دلچسپ ریکارڈ یہ بھی قائم ہوا ہے کہ امریکی سینیٹ میں پہلی بار بیک وقت 3 سیاہ فام خواتین سینیٹرز ہوں گی۔

اگر آپ ان نتائج میں نظر آنے والے رجحان پر غور کریں تو 2 باتیں واضح طور پر سامنے آتی ہیں۔ پہلی یہ کہ ٹرمپ نے جتنی بھی ریاستوں میں جاکر انتخابی مہم چلائی اور امیدوار کو براہ راست حمایت فراہم کی، ان میں سے فلوریڈا کے علاوہ تمام ریاستوں میں ٹرمپ کے حمایت یافتہ امیدوار عبرت کی مثال بن گئے۔ دوسری یہ کہ ٹرمپ نے چن کر سینیٹ کے جن 7 ڈیموکریٹ امیدواروں کو ٹارگٹ کیا تھا اور وہ ساتوں جیت گئے۔ مگر ان 2 باتوں کے علاوہ بھی ایک چیز واضح نظر آتی ہے۔ وہ یہ کہ ووٹرز کے ذہن میں یہ بات موجود رہی تھی کہ کچھ ایسا کرنا ہوگا جو پہلے نہ کیا ہو۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی ریڈ انڈین پہلی بار گونر ہی نہ بنا بلکہ سینیٹ میں بھی پہنچا۔ اور پہلی ہی بار ایک مسلمان کو بھی ووٹرز نے سینیٹ پہنچایا۔

ان انتخابی نتائج نے نائب امریکی صدر جے ڈی وینس کا 2028 میں صدر بننے کا خواب بھی خطرے سے دو چار کر دیا ہے۔ جس کا ایک بڑا علامتی اظہار یہ ہے کہ نائب صدر بننے کے لیے انہوں نے سینیٹ کی جو سیٹ خالی تھی وہ بھی ڈیموکریٹس لے اڑے ہیں۔ شاید یہی وجہ ہے کہ جے ڈی وینس نے فوراً ٹویٹ کرکے شکست کی پہلی بڑی وجہ ایران کی جنگ کو قرار دیا ہے، اور دوسری اسرائیل کی حمایت کو۔ یہ خود کو اسرائیل سے دور ثابت کرنے کا پیشگی بندوبست تو ہے، مگر سوال یہ ہے کہ یہ بندوبست 2028 کے صدارتی انتخاب میں کسی کام آئے گا؟ اس سوال کا جواب امریکی تجزیہ کار ’ناں‘ کی صورت دے رہے ہیں۔ مگر یہی تجزیہ کار 2024 کے انتخابی نتائج دیکھ کر اس وقت کہہ رہے تھے کہ اب ڈیموکریٹک پارٹی کو سنبھلنے میں کم از کم 15 سال لگیں گے۔ سو 2028 کو 2028 میں ہی دیکھنا مناسب ہوگا۔

ادارے کا کالم نگار کی رائے کے ساتھ متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp