ٹرمپ کا امریکا میں گھڑیاں تبدیل کرنے کا نظام ختم کرنے کے لیے قانون منظور کرنے پر زور

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکن ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ دن کی روشنی سے زیادہ فائدہ اٹھانے کے لیے سال میں 2 مرتبہ گھڑیوں کا وقت تبدیل کرنے کا نظام ختم کرنے سے متعلق قانون منظور کریں۔

امریکی اخبار یو ایس اے ٹوڈے کے مطابق ٹرمپ نے ری پبلکن ارکان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سینیٹ میں سن شائن پروٹیکشن ایکٹ(Sunshine Protection Act) کی منظوری کے لیے اقدامات کریں۔ اس قانون کے تحت امریکا میں سال بھر گھڑیوں کا وقت ایک گھنٹہ آگے رکھنے کی تجویز دی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:مڈٹرم انتخابات کے بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان پالیسی کیا ہوگی؟

ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سال میں 2 مرتبہ گھڑیوں کا وقت تبدیل کرنے کی روایت غیر ضروری ہے اور اس سے لوگوں کے معمولات زندگی متاثر ہوتے ہیں۔ ان کے مطابق شام کے وقت زیادہ دیر تک روشنی رہنے سے شہریوں کو فائدہ ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق امریکی ایوان نمائندگان جولائی میں یہ بل 117 کے مقابلے میں 301 ووٹوں سے منظور کرچکا ہے، تاہم سینیٹ میں اسے تاحال منظوری نہیں مل سکی۔ بل کی منظوری کے بعد اسے صدر کے دستخط کے لیے وائٹ ہاؤس بھیجا جائے گا۔

مجوزہ قانون کے تحت امریکا میں مارچ سے نومبر تک نافذ رہنے والا ڈے لائٹ سیونگ ٹائم مستقل ہوجائے گا اور موسم کے مطابق گھڑیوں کو آگے یا پیچھے کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ تاہم ریاستوں کو مستقل معیاری وقت (اسٹینڈرڈ ٹائم) برقرار رکھنے کا اختیار بھی حاصل ہوگا۔

دوسری جانب قانون کے مخالفین کا مؤقف ہے کہ سردیوں میں وقت مستقل ایک گھنٹہ آگے رکھنے سے سورج دیر سے طلوع ہوگا، جس کے باعث اسکول جانے والے بچوں اور صبح کام پر جانے والے افراد کو اندھیرے میں سفر کرنا پڑسکتا ہے۔

مزید پڑھیں:امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 10 منٹ میں ایرانی ایٹمی تنصیبات تباہ کرنے کی دھمکی دے دی

امریکی سینیٹ میں اس قانون کی منظوری کے حوالے سے ری پبلکن ارکان کے درمیان بھی اتفاق رائے نہیں ہے۔ سینیٹر ٹام کاٹن سمیت بعض ارکان نے سردیوں کی صبح دیر سے طلوع ہونے والے سورج اور بچوں کی حفاظت سے متعلق خدشات ظاہر کیے ہیں۔

امریکا میں یکم نومبر 2026 کو گھڑیاں ایک گھنٹہ پیچھے کی جاچکی ہیں۔ مجوزہ قانون منظور ہونے کی صورت میں وقت کی یہ تبدیلی مستقل طور پر ختم ہوسکتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp