باس کے پیسوں سے لوئی وٹون بیگز، رولیکس گھڑیاں اور نجی طیاروں کے سفر، امریکی خاتون کا کروڑوں کا فراڈ بے نقاب

جمعرات 5 نومبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایک خاتون کی جانب سے اپنے آجر کے تقریباً 18 ملین ڈالر (ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر) چوری کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔ خاتون نے چوری کی گئی رقم سے مہنگے ڈیزائنر ہینڈ بیگز، رولیکس گھڑیاں، لگژری گاڑیاں، نجی طیاروں کے سفر اور گھر کی تزئین و آرائش پر بھاری اخراجات کیے۔

امریکی اٹارنی آفس برائے ایسٹرن ڈسٹرکٹ آف کیلیفورنیا کے مطابق، 47 سالہ لزبتھ شرمین نے وفاقی وائر فراڈ کے الزامات تسلیم کر لیے ہیں۔ ان کا تعلق کیلیفورنیا کے علاقے ایل ڈوراڈو ہلز سے ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اولمپک گولڈ میڈلسٹ کے گھر چوری، ڈاکو 1980 کا تاریخی طلائی تمغہ بھی لے اڑے

حکام کے مطابق، شرمین نے 2015 میں بے ایریا کے ایک ریٹائرڈ وینچر کیپیٹلسٹ کے ہاں ایگزیکٹو اسسٹنٹ کی حیثیت سے ملازمت شروع کی تھی۔ انہیں آجر کے بینک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل تھی تاکہ وہ ان کے کریڈٹ کارڈ کے بل ادا کر سکیں تاہم انہوں نے اسی اختیار کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ستمبر 2015 سے مئی 2025 تک تقریباً 18 ملین ڈالر اپنے ذاتی استعمال کے لیے منتقل کیے۔

استغاثہ کے مطابق، شرمین نے چوری کی گئی رقم سے اپنے کریڈٹ کارڈ کے بل ادا کیے اور مہنگے برانڈز کی اشیا خریدنے کے علاوہ شاہانہ طرزِ زندگی اختیار کر لیا۔ ان کے اخراجات میں لوئی وٹون کے ہینڈ بیگز، رولیکس گھڑیاں، لگژری گاڑیاں، مہنگے تفریحی مقامات پر قیام اور نجی طیاروں کے سفر شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کروڑوں کی گھڑی چوری کرکے خود ہی واپس کردی، چور نے معافی نامے میں کیا لکھا؟

تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ شرمین نے چوری کی گئی رقم سے خریدی گئی ڈیزائنر اشیا کو مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر دوبارہ فروخت کرنا شروع کر دیا تھا۔ حکام کے مطابق، گزشتہ سال ایک آن لائن ری سیلنگ پلیٹ فارم کے ذریعے انہوں نے تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر کمائے۔

دسمبر 2025 میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا جہاں سے 1500 سے زائد قیمتی لگژری اشیا برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق، ان میں سے بیشتر اشیا بالکل نئی حالت میں تھیں اور ان کی اصل پیکنگ اور ٹیگز بھی موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: لاہور: محبوبہ کے کہنے پر اپنے ہی گھر سے 70 تولے سونا چوری کرلیا

گھر کی تلاشی کے دوران درجنوں لوئی وٹون ہینڈ بیگز، نایاب کھالوں سے تیار کردہ پرس، مہنگی شراب کی بوتلیں، کرسچن لوبوٹین کے جوتے اور رولیکس گھڑیاں بھی برآمد کی گئیں۔ حکام کو گھر میں لگژری اشیا کی بڑی تعداد مختلف مقامات پر رکھی ہوئی ملی۔

جرم کا اعتراف کرنے کے بعد لزبتھ شرمین کو وفاقی قوانین کے تحت زیادہ سے زیادہ 20 سال قید اور 2 لاکھ 50 ہزار ڈالر جرمانے کی سزا ہو سکتی ہے۔ ان کی سزا کا فیصلہ مارچ 2027 میں متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp