چیئرمین سینیٹ سے چینی سفیر کی ملاقات، چینیوں کو مشترکہ سرمایہ کاری کی دعوت

منگل 26 ستمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سے چین کے سفیر جیانگ زائیڈانگ نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، رابطہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں ممالک کے درمیان باہمی مفاد کے لیے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے حوالے سے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔ ملاقات میں خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کے فروغ کے لیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے جیانگ زائیڈانگ کو بطور سفیر ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ بھرپور صلاحتیوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

محمد صادق سنجرانی نے خطے میں امن کے قیام کے لیے چین کی کاوشوں کو سراہا۔ ملاقات میں کثیر الجہتی شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔ زراعت، کان کنی کے شعبوں میں دو طرفہ تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ زراعت، کان کنی کے شعبوں میں چین کے تجربات سے استفادہ کریں گے اور ’اسٹریٹجک تعاون شراکت داری‘ پاک چین تعلقات کو مزید مضبوط کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ہر طرح کے حالات میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں اور ہر پلیٹ فارم پر چین اور پاکستان نے ایک دوسرے کو سپورٹ کیا ہے۔

محمد صادق سنجرانی نے کہا کہ ’پاک چین اقتصادی راہداری‘ منصوبے کی بدولت مشترکہ ترقی اور خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔ پارلیمانی وفود کے تبادلوں میں تیزی لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ چیئرمین سینیٹ نے چین کی این پی سی کے سربراہ کو پاکستان کا دورے کرنے دعوت بھی دی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ چین کے سرمایہ کار آگے بڑھیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول ساز گار ہے، مشترکہ منصوبوں سے دونوں ممالک کو فائدہ ہوگا اورسرمایہ کاری کے لئے نئی راہیں ہموار ہونے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کہنا تھا کہ چین کی پاکستان میں سرمایہ کاری نے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع فراہم کیے ہیں اور سی پیک کی تکمیل سے پورا خطہ ترقی کرے گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے عوام کے دل آپس میں جڑے ہوئے ہیں۔

چیئرمین سینیٹ نے چین کے نجی شعبے کی پاکستان میں سرمایہ کاری کو سراہتے ہوئے کہا کہ چین کی مختلف کمپنیز پاکستان کے دور دراز علاقوں میں کام کر رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ چین کے صدر شی جن پنگ کی قائدانہ صلاحیتوں کی پوری دنیا معترف ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ صدر شی جن پنگ کی کتاب سے بہت متاثر ہوئے اور اس کا اردو میں بھی ترجمہ ہونا چاہیے۔

چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان چین کا قریبی دوست ہے اور ان کا ملک دوطرفہ تعاون مزید مستحکم کرنے کا خواہاں ہے اور چین کے تجربات پاکستان کی سماجی اور معاشی خوشحالی میں معاون ثابت ہوں گے۔

چینی سفیر نے سفارتی، سماجی، اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور چیئرمین سینیٹ کو چین کے دورے کی دعوت بھی دی۔ چینی سفیر نے مزید کہا کہ چین نے حال ہی میں’بنی نوع انسان کا مشترکہ مستقبل‘ کے عنوان سے ایک وائٹ پیپر شائع کیا ہے جس کا مقصد دنیا کو امن، ترقی کا گہوارہ بنانا ہے۔

ملاقات میں سیکریٹری سینیٹ محمد قاسم صمد خان اور ایڈیشنل سیکرٹری عاصم خان گورایا بھی موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp