نگراں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد اعظم خان کی نماز جنازہ پڑانگ چارسدہ میں ادا کر دی گئی۔
نماز جنازہ میں گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی، نگراں وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی، نگراں وزیر اعلیٰ سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر، نگراں صوبائی کابینہ اراکین، سیاسی و سماجی شخصیات، اعلیٰ سرکاری حکام اور عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
مزید پڑھیں
بعد ازاں مرحوم کو ان کے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔
واضح رہے کہ اعظم خان کا آج صبح انتقال ہوا، انہیں طبیعت خراب ہونے پر اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
محمد اعظم خان نے 21 جنوری 2023 کو نگراں وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کا حلف اٹھایا تھا، اور ساڑھے 9 ماہ تک صوبے کے وزیر اعلیٰ کا منصب سنبھالے رکھا۔ اعظم خان 2018 کے نگراں سیٹ اپ میں وفاق کے وزیر داخلہ بھی تھے۔
نگراں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کے اچانک انتقال کے باعث صوبائی حکومت نے گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ 3 روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
11 سے 13 نومبر 2023 تک صوبے بھر میں سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، مذکورہ مدت کے دوران خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری دفاتر، عمارتوں پر پاکستان کا قومی پرچم نصف سرنگوں رہے گا۔
جبکہ تمام سرکاری دفاتر پیر 13 نومبر 2023 کو کھلے رہیں گے۔