انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے ویسٹ انڈیز کے دورہ کے لیے ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
انگلش ٹیم ویسٹ انڈیز کے دورے میں 3 ایک روزہ اور 5 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ ایک روزہ سیریز کا پہلا میچ 3 دسمبر کو ہو گا، جبکہ دوسرا میچ 6 دسمبر اور تیسرا 9 دسمبر کو کھیلا جائے گا۔
مزید پڑھیں
اس کے علاوہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز 12 دسمبر کو ہوگا، اس کے بعد 14، 16، 19 اور 21 دسمبر کو میچز کھیلے جائیں گے۔
کرکٹ کے عالمی ایونٹ میں ناقص کارکردگی کے باعث انگلینڈ کرکٹ ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔ ون ڈے اسکواڈ میں کپتان جوزبٹلر سمیت ورلڈ کپ اسکواڈ کے صرف 6 کھلاڑی جگہ بنا سکے۔
ہیری بروک، گس ایٹکنسن، برائیڈن کارس، سین کررن اور لیام لیونگسٹن کو ون ڈے اسکواڈ میں برقرار رکھا گیا ہے۔
ورلڈ کپ میں ناقص کارکردگی کی بنیاد پر جن کھلاڑیوں کو ڈراپ کیا گیا ہے ان میں بین اسٹوکس، جو روٹ، معین علی، جونی بیئرسٹو، ڈیوڈ ملان، عادل رشید، کرسس ووکس اور مارک ووڈ شامل ہیں۔
دوسری جانب ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں بھی کپتان کے لیے جوز بٹلر کا ہی انتخاب کیا گیا ہے۔ جبکہ معین علی، کرس ووکس اور عادل رشید ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔