پشاور کے تاریخی قصہ خوانی بازار کے ساتھ تنگ گلی میں واقع جہانگیر پورہ بازار کم آمدن والوں کے لیے نعمت سے کم نہیں، جہاں غیر ملکی مشہور برانڈز کےکوٹ دستیاب ہیں اور قمتیں بھی ان ممالک کی نسبت 99 فیصد تک کم، جہانگیر پورہ بازار میں اٹلی، جرمنی، برطانیہ اور دیگر ممالک کے قیمتی اور خوبصورت ڈریس کوٹ دستیاب ہیں۔
دکانداروں کے مطابق اٹلی اور دیگر ممالک کے تیار کردہ کوٹ کی مانگ ہے، جو گرم ہونے کے ساتھ معیاری بھی ہوتے ہیں۔ ایک دکاندار نے بتایا کہ یوں تو یہاں سال بھر خریداری ہوتی ہے لیکن سردیوں میں یہاں رش بڑھ جاتا ہے، سرکاری افسروں سمیت وکلا، ڈاکٹرز غرض زندگی کے تقریباً ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے شہریوں کی اچھی خاصی تعداد یہاں کا رخ کرتی ہے۔
’یہاں کوٹ کی خریداری وہ لوگ کرتے ہیں جہیں غیر ملکی برانڈز کی پہچان ہوتی ہے، جہانگیر پورہ بازار میں ملنے والے غیر ملکی کوٹ کے برانڈز پاکستان میں کہیں اور دستیاب نہیں کیونکہ یہ کنٹینر کا مال ہے، جو مختلف ممالک میں معمولی استعمال کے بعد یہاں آتا ہے جسے ہم ڈرائی کلین کرکے فروخت کے لیے رکھ دیتے ہیں۔‘
ایک اور دکاندار کے مطابق لوگ شادی بیاہ پر پہننے کے لیے بھی یہاں سے کوٹ خریدتے ہیں، کیونکہ مقامی برانڈرز مہنگے ہونے کے ساتھ ساتھ اکثر غیر معیاری بھی ہوتے ہیں۔ پاکستانی کرنسی میں ان کوٹ کی قیمت 30 سے 50 ہزار روپے تک ہوسکتی ہے لیکن جہانگیر پورہ بازار میں ایک ہزار روپے میں دستیاب ہیں۔
مزید تفصیل اس ویڈیو رپورٹ میں ۔۔۔