حکومت نے ‏فیض آباد دھرنا کیس کی تحقیقات کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا

بدھ 15 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا، تحقیقات کے لیے 3 رکنی انکوائری کمیشن تشکیل دیا گیا ہے۔ کمیشن کے چیئرمین ریٹائرڈ آئی جی پولیس سید اختر علی شاہ ہوں گے جبکہ دیگر 2 ممبران میں ریٹائرڈ آئی جی طاہر عالم خان اور ایڈیشنل سیکرٹری برائے داخلہ خوشخال خان شامل ہیں۔

انکوائری کمیشن کے تفصیلی ٹی او آرز کی بھی کابینہ نے منظوری دیدی ہے، وفاقی کابینہ کی منظوری سے جاری نوٹیفکیشن اٹارنی جنرل سپریم کورٹ میں پیش کرینگے۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں کمیشن کی تشکیل کے لیے امادگی کا اظہار کیا تھا، اور اٹارنی جنرل منصور عثمان اعوان کا کہنا تھا کہ انکوائری کمیشن کا نوٹیفیکیشن سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں گے۔

سپریم کورٹ میں فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس کی سماعت سے قبل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر وفاقی حکومت انکوائری کمیشن تشکیل  دے رہی ہے، آج انکوائری کمیشن کا نوٹیفیکیشن سپریم کورٹ میں جمع کروا دیں گے۔

دوسری جانب فیض آباد دھرنا نظر ثانی کیس میں درخواست گزار عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے ہیں، جہاں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ ان کا چلہ تو پورا ہوگیا مگر اس کے اثرات ابھی تک ہیں، عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں کہ نہیں

ایک صحافی نے سوال کیا کہ شیخ صاحب خان کے ساتھ آج بھی کھڑے ہیں یا آپ نے بھی ہتھیار ڈال دیےہیں، جس پر شیخ رشید بولے؛ اللہ کے فضل و کرم سے زندگی میں دوستی اور دشمنی دونوں ہی بھرپور نبھائی ہے۔

واضح رہے کہ چیف جسٹس قضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے فیض آباد دھرنا نظرثانی کیس کی سماعت آج صبح ساڑھے 9 بجے کرنا تھی، عدالتی عملے کے مطابق فیض آباد دھرنا کیس کی سماعت اب ساڑھے 11 بجے ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp