لاہور میں اسکولوں کے طلبہ کے بلا اجازت ہر قسم کے دوروں اور آوٹ ڈور سرگرمیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر ایجوکیشن اتھارٹی لاہورسے پیشگی اجازت کے بنا تمام اسکولوں کے طلبہ کے دوروں پرپابندی ہوگی۔
نوٹیفیکیشن میں بتایا گیا ہے کہ پابندی کا فیصلہ حال ہی میں اسلام آباد کے دورے پر آئے شرقپور کے ایک نجی اسکول کے طلبہ کی بس پیش ہونے والے حادثے کے بعد کیا گیا ہے۔
نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ فیصلے پر عمل درآمد نہ کرنے والی اسکول انتظامیہ اور متعلقہ افسران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی، سی ای او ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی نے لاہور کے تمام ایجوکیشن افسران کو احکامات پر عملدرآمد کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
واضح رہے کہ ہفتے کے روز اسلام آباد میں شاہدرہ کے علاقے میں ایک اسکول بس گہری کھائی میں گرنے سے 1 معلمہ جاں بحق اور 15 طلبہ زخمی ہوگئے تھے۔ ریسکیو اور عینی شاہدین کے مطابق بس امریکن گرائمر اسکول شیخو پورہ کے بچوں کو تعلیمی دورے کے لیے اسلام آباد لا رہی تھی کہ راستے میں شاہدرہ کے مقام پر سڑک سے پھسل کر نیچے گہرائی میں نالے میں جا گری تھی۔