اسرائیلی شہری نےحماس کے کمانڈرز کے نام حیران کن خط لکھ دیا

منگل 28 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ کی اسلامی مزاحمتی تحریک(حماس) کی جانب سے 7 اکتوبر کو اسرائیل سے یرغمال بنائے گئے اسرائیلی شہری ڈینیئل نے رہائی سے قبل حماس کے ارکان کے نام خط لکھ کر اپنی بیٹی امیلیا کا خیال رکھنے پر شکریہ ادا کیا ہے۔

اسرائیلی شہری ڈینیئل کی جانب سے حماس کے ارکان کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ ’ان جنرلوں(حماس ارکان) کے لیے جو پچھلے چند ہفتوں سے میرے ساتھ ہیں، ایسا لگتا ہے کہ ہم کل الگ ہو جائیں گے، لیکن میں دل کی گہرائیوں سے آپ کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ  آپ نے میری بیٹی امیلیا کے ساتھ جو غیر معمولی انسانیت کا مظاہرہ کیا۔

ڈینیئل نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ آپ لوگ امیلیا کے والدین کی طرح تھے، جب وہ چاہتی آپ کو بلاسکتی تھی، اس نے محسوس کیا کہ آپ سب صرف دوست نہیں بلکہ حقیقی مہربان ہیں۔ آپ کا شکریہ، آپ کا شکریہ، آپ کا شکریہ۔

انہوں نے خط میں لکھا کہ اس(امیلیا) کے ساتھ صبرو تحمل سے پیش آنے اور اس کی مٹھائیوں اور پھلوں سے تواضع کرنے کا شکریہ۔ بچوں کو جنگی علاقوں میں نہیں ہونا چاہیے، لیکن آپ اور دوسرے مہربان لوگوں کا شکریہ جو ہمیں ملے۔

اسرائیلی شہری ڈینیئل نے خط میں مزید لکھا ہے کہ ’میری بیٹی نے خود کو غزہ میں ایک ملکہ کے طور پر دیکھا، ہم ایک بھی ایسے شخص سے نہیں ملے جو ہمارے ساتھ شفقت، دیکھ بھال اور محبت سے پیش نہ آیا ہو۔ میں ہمیشہ آپ کا شکر گزار رہوں گا، کیونکہ میری بیٹی کسی دیرپا نفسیاتی صدمے کے ساتھ یہاں سے نہیں گئی۔‘

انہوں نے لکھا کہ ’میں آپ کی مشکل صورتحال اور غزہ میں آپ کے بھاری نقصانات کے باوجود آپ کی مہربانی کو یاد رکھوں گا، میں آپ سب اور آپ کے اہل خانہ کی صحت اور محبت کی خواہش کرتا ہوں، آپ کا بہت بہت شکریہ۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp