محمد ندیم روزگار کی تلاش میں اسلام آباد سے کراچی آئے تھے لیکن حالات نے انہیں گولڈ مین بننے پر مجبور کر دیا۔ وہ اپنے 7 سالہ بیٹے خادم حسین کے ہمراہ کراچی کی سڑکوں پر رزق تلاش کر رہے ہیں۔
محمد ندیم کا کہنا ہے کہ وہ اسلام آباد کے رہائشی ہیں اور رزق کی تلاش نے انہیں کراچی پہنچا دیا۔ ان کے مطابق وہ گزشتہ 6 برس سے کراچی میں ہیں لیکن روزگار نہ ملنے کی وجہ سے انہیں ایک پنجابی فلم سے اس حلیے کا خیال آیا کہ کیوں نہ وہ بھی ایسا روپ ڈھال دھار لیں جس سے لوگ بھی خوش ہوں اور آمدنی بھی ہوجائے۔
محمد ندیم کے بیٹے خادم حسین بھی سلور مین کا روپ لیے اپنے والد کے شانہ بشانہ کھڑے ہوتے ہیں۔ انہیں پڑھنے لکھنے کے ساتھ ساتھ کرکٹ بھی بہت پسند ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ شاہد خان آفریدی ان کے پسندیدہ کرکٹر ہیں۔
محمد ندیم کے مطابق ان کی دن بھر میں 2500 ہزار روپے تک کمائی ہو جاتی ہے جبکہ ہر 3 دن بعد انہیں کپڑوں کو رنگنا پڑتا ہے جس پر 3 ہزار روپے تک کا خرچ آتا ہے۔