سونے کی قیمت میں مسلسل اتار چڑھاؤ، آخر قیمت کا تعین کیسے کیا جاتا ہے؟

جمعرات 30 نومبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں اس وقت سونے کی قیمت میں اتارچڑھاؤ جاری ہے، ایک دن قیمت میں اضافہ ہوتا ہے تو اگلے دن لگ بھگ اتنی ہی کمی بھی ہوجاتی ہے، لیکن گزشتہ روز سونے کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

گزشتہ روز 26 سو روپے اضافے کے ساتھ فی تولہ سونے کی قیمت 2 لاکھ 21 ہزار روپے تک جا پہنچی تھی، لیکن آج سونے کی قیمت میں 24 سو روپے کی کمی کے بعد اس وقت ملک میں سونے کی فی تولہ قیمت 2 لاکھ 18 ہزار 600 روپے ہوگئی ہے جبکہ 10 گرام سونے کی قیمت 2 ہزار 52 روپے کی کمی کے ساتھ 1 لاکھ 87 ہزار 4 سو 20 روپے ہو گئی ہے۔

سونے کی قیمت اس کے درجے اور معیار کے مطابق طے کی جاتی ہے۔ پاکستان میں 22 قیراط اور 24 قیراط سونے کی فروخت ہوتی ہے، جس کی پیمائش فی تولہ اور 10 گرام وزن کے حساب سے کی جاتی ہے، قیراط سونے کے خالص پن کو ناپنے کا معیارہے اور 24 قیراط خالص ترین سونا مانا جاتا ہے جبکہ 12 قیراط 50 فیصد خالص اور 18 قیراط 75 فیصد خالص ہوتا ہے۔

واضح رہے کہ سونے کے زیورات بنانے کی لاگت سونے کی قیمت سے الگ ہوتی ہے جوسنارزیورکے ڈیزائن کے مطابق طے کرتا ہے۔ پاکستان کے تمام بڑے شہروں بشمول کراچی، لاہور، ملتان، پشاور، مردان اور اسلام آباد میں سونا ایک ہی دام پر فروخت کیا جاتا ہے۔ تاہم ہر شہر کی صرافہ مارکیٹ کو سونے کے ریٹ آل پاکستان جیولر ایسوسی ایشن کی جانب سے موصول ہوتے ہیں۔

آل پاکستان جیولر ایسوسی ایشن فی تولہ سونے کی قیمت کس حساب سے لگاتی ہے؟

اس سوال کا جواب دیتے ہوئے آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے رکن عبداللہ چاند نے وی نیوز کو بتایا کہ انٹرنیشنل مارکیٹ میں سونے کے بھاؤ کا تعین فی اونس ڈالر کے حساب سے کیا جاتا ہے، جس کے بعد پاکستان میں 20 ڈالرپریمیئم شامل کیے جاتے ہیں ۔

’وہ کاروباری افراد جو پشاور اور دیگر مختلف شہروں سے سونا خریدنے کراچی آتے ہیں، ان کے سفری اخراجات اور رہائش وغیرہ کو مد نظر رکھتے ہوئے جیولر ایسوسی ایشن کی جانب سے اضافی 20 ڈالر سونے کے ریٹ میں شامل کیے جاتے ہیں۔‘

عبداللہ چاند کے مطابق گزشتہ روز انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 2 ہزار 42 ڈالر تھی جس میں 20 ڈالرپریمیئم شامل کرکے اس کو پھر 1.37628 کے ساتھ ضرب دیا جاتا ہے اور پھر درہم کے قیمت سے اس کو دوبارہ ضرب دینے کے بعد پاکستان میں سونے کا ریٹ نکل آتا ہے۔

’۔۔۔اور اس 1 تولہ سونے کی قیمت 24 قیراط سونے کا ہی ریٹ ہوتا ہے اور پاکستان میں فی تولہ سونے کی قیمت اس فارمولے سے نکالی جاتی ہے۔‘

سونے کی قیمتوں کے ضمن میں عبداللہ چاند پر امید ہیں کہ مختلف وجوہات کے باعث جلد ہی سونے کی قیمتوں میں فرق آئے گا۔ ’ایک تو ڈالر کی قیمت کچھ کنٹرول میں آئی ہے، دوسرا آئی ایم ایف کی قسط ملنے کی بھی امید ہے، اس کے علاوہ جو فلسطین اور اسرائیل کی جنگ کے مکمل خاتمے کی صورت میں سونے کا بھاؤ کافی حد تک کم ہو سکتا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp