پنجاب میں اسموگ کی صورتحال میں بہتری کے بعد پابندیاں اٹھا لی گئیں، ادارے، مارکیٹیں، بازار، ریسٹورنٹس اور بزنس ہاؤسز کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔
پابندیوں کے خاتمے کا فیصلہ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے انسداد اسموگ کے اجلاس میں اسموگ صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد کیا گیا۔
مزید پڑھیں
اسموگ کی صورتحال میں بہتری کے پیش نظر وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے عائد پابندیاں کے خاتمے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ادارے، مارکیٹیں، بازار، ریسٹورنٹس اور بزنس ہاؤسز کل اور پرسوں معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔ جب کہ 18دسمبر سے پنجاب کے تعلیمی اداروں میں میں موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔
وزیراعلیٰ نے سڑکوں کی صفائی اور پانی کے چھڑکاؤ کا عمل بدستور جاری رکھنے کی ہدایت کیساتھ حکم دیا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف مؤثر کریک ڈاؤن کیا جائے اور ٹائر جلانے والی فیکٹریوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری رکھی جائے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ اسموگ میں کمی کے لیے جو کچھ انسانی بس میں ہے وہ اقدام اٹھارہے ہیں۔ پوری کوشش ہے کہ ایئر کوالٹی انڈیکس کم سے کم رہے۔
اجلاس میں ماہرین ماحولیات اور صحت نے اسموگ میں کمی اور اسموگ کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے تجاویز پیش کیں۔