اسلام آباد کے بہارہ کہو بائی پاس منصوبے پر ایک ہفتے کے دوران دوسرا بڑا حادثہ۔ زیر تعمیر پل کے گارڈرز گر گئے۔ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
پل کے گارڈرز گرنے کی اطلاع ملتے ہی چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔ پولیس کی بھاری نفری بھی جائے حادثہ پر تعینات کر دی گئی ہے۔
زیر تعمیر پل کے قریبی رستے کو عوام اور ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ سی ڈی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ 5 گارڈرز دو روز قبل رکھے گئے تھے۔ آخری گارڈر رکھنے کے دوران حادثہ پیش آیا۔
سی ڈی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ اعلیٰ حکام نے 23 مارچ تک جلد از جلد منصوبے کی تکمیل کا الٹی میٹم دیا تھا جبکہ سی ڈی اے حکام نے اپریل تک کا وقت مانگا تھا۔
منصوبے پر جلد بازی میں کام کی وجہ سے ایک بار پھر نقصان اٹھانا پڑا ۔
چیئرمین سی ڈی اے نورالامین مینگل نے کہا کہ کرین سلپ ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا۔ منصوبے کی تکمیل کے لئے کسی قسم کی جلد بازی نہیں کی جا رہی۔ سیفٹی اور ہیلتھ پر قطعی سمجھوتا نہیں کیا جا سکتا اور اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پچیس فروری کو بھی اسی زیر تعمیر پل کی شٹرنگ گرنے سے دو مزدور جاں بحق جب کہ تین زخمی ہو گئے تھے۔