ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی (ڈریپ) نے پاکستان میں ادویات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے آن لائن نظام کا آغاز کردیا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کے مطابق نگران وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے ادویات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے آن لائن نظام کا باقاعدہ طور پر اپنے دفتر میں افتتاح کیا۔
اس موقع پر نگران وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ادویہ ساز کمپنیاں رجسٹریشن اور لائسنس کے حصول کے لیے ان لائن درخواستیں جمع کروا سکیں گی، اس سے قبل ادویات کی رجسٹریشن یا لائسنسنگ کے لیے ڈریپ کے دفتر جاکر درخواست جمع کروانا پڑتی تھی۔
ملٹی نیشنل کمپنیوں کی رجسٹریشن و لائسنسنگ بھی ہوگی
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ اب نئی ادویات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے لیے ڈریپ کے دفتر جانے کی شرط بھی ختم ہو گئی ہے، نئی ملٹی نیشنل کمپنیوں کی رجسٹریشن اور لائسنسگ بھی ڈیجیٹل سسٹم کے تحت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ آٹومیٹڈ سسٹم پاکستان کی ادویات پر عالمی اداروں کے اعتماد اور برآمدات میں اضافہ کا باعث بنے گا۔
اس اقدام سے شفافیت کو فروغ ملے گا
ڈاکٹر ندیم جان نے کہا کہ ڈریپ میں میرٹ اور شفافیت کی بنیاد رکھ دی گئی ہے، میرٹ اور شفافیت کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی میں نمایاں اضافہ ہوتا ہے، اس اقدام سے ڈریپ پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ وہ وزارت صحت میں اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کو یقینی بنارہے ہیں، اس اقدام سے بدعنوانی کے بجائے شفافیت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے بتایا کہ عوام کے ڈریپ سے براہ راست رابطہ کو یقینی بنانے کے لیے ایک ایپ بھی لانچ کی گئی تھی، ڈریپ کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور عالمی معیار کے مطابق بنانے کے لیے عملی اقدامات کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ترجمان وزارت صحت کا کہنا ہے کہ ادویات کی رجسٹریشن اور لائسنسنگ کے آن لائن نظام کا اجرا وزیر صحت ڈاکٹر ندیم جان کا انقلابی قدم ہے، وزیر صحت نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی ادویات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کو ڈیجیٹل کرنے کی ہدایت جاری کی تھیں۔