میں اچھی معیشت چلارہاتھا یا اسحاق ڈار، فیصلہ عوام کریں،مفتاح اسماعیل

جمعرات 2 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

  سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی کارکردگی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ  ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورت حال کو بہتر بنانے کے لئے آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنے میں دیر نہ کی جاتی تو حالات اس قدر زیادہ خراب نہ ہوتے ۔

مفتاح اسماعیل نے ایک نجی ٹی ویژن چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی بگڑتی ہوئی معاشی صورت حال کو بہتر کرنے کے لئے آئی ایم ایف سے ڈیل کرنے میں تاخیر نہ کی جاتی تو حالات یہاں تک نہ پہنچتے۔ اس وقت آئی ایم ایف سے معاہدہ کرنا اور ساتھ میں مہنگائی کنٹرول کرنا بہت ضروری ہے، انھوں نے کہا کہ میں اچھی معیشت چلا رہا تھا یا اسحاق ڈار ، یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے۔

سابق وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ شرح سود بڑھ گیا اور ڈالر مزید مہنگا ہوگیا، اب ہم سب کو مار لگے گی، ذاتی مفادات سے نکل کر آگے بڑھنا ہوگا، آج شہباز شریف، اسحاق ڈار اور اپوزیشن سمیت کوئی بھی سیاستدان خوش نہیں ہوگا، صرف ناخوش ہونے سے کچھ نہیں ہوتا بیٹھ کر بات کرنا ہوگی۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ پچھلے تین سال میں ، ہم نے ریاست پر سیاست کو ترجیح دی جس کا نتیجہ سامنے ہے، بنگلادیش اور دیگر ممالک ہم سے آگے نکل چکے ہیں،  لیکن اقتدار کی لڑائی میں ہم سیاسی دشمنیاں کرتے ہیں اور بدقسمتی سے ملک کیلیے کسی نے کچھ نہیں کیا۔

مفتاح اسماعیل کی پارٹی سے ناراضی

یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے  گزشتہ برس ستمبر کے اواخر میں مفتاح اسماعیل کو ہٹا کر اسحاق ڈار کووزیرخزانہ بنایا تھا ،  جس کے بعد سے مفتاح اسماعیل اپنی پاررٹی مسلم لیگ ن سے ناراضی کا اظہار کر رہے ہیں۔ وہ وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف میری کارکردگی سے خوش تھے، ہٹانا نہیں چاہتے تھے، مجھے ہٹانا وزیرِ اعظم کی صوابدید تھی مگر جس طریقے سے ہٹایا وہ درست نہیں تھا۔

مفتاح اسماعیل نے پارٹی سے شکوہ کیا تھا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کے مشکل فیصلے مجھ سے کرانے کے بعد اسحاق ڈار کو وزیرخزانہ بنا دیا گیا کیوں کہ وہ نوازشریف کے زیادہ قریب تھے، ان کا بیٹا نواز شریف کا داماد ہے، وہ نواز شریف سے کہتے تھے میں ڈالر اور پیٹرول سستا کر دوں گا۔

’’ اسحاق ڈار کو وزیر خزانہ بننے کا بہت زیادہ شوق تھا ‘‘

اس سے قبل وزارت سے ہٹانے کے بعد مفتاح اسماعیل یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ اسحاق ڈار کی وجہ سے پاکستان کو نقصان ہوا۔ ڈار صاحب کی سوچ ہی الٹی ہے، اپنی انا کے چکر میں لوگوں کی فیکٹریاں بند کروادیں۔

مفتاح اسماعیل نے اس سے قبل ایک بیان میں کہا تھا کہ میرے وزیر خزانہ بننے کے بعد 6 ماہ تک اسحاق ڈار نے میرے خلاف مہم چلائی تھی ۔ میرے خلاف پروگرام کراتے تھے۔ اسحاق ڈار نے پبلک میں میرے خلاف بات کی، میری صلاحیت پر سوالات اٹھائے جس کا میں نے جواب دیا، پارٹی نے میرے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی۔ اسحاق ڈار کو خود وزیر خزانہ بننے کا بہت زیادہ شوق تھا، وہ ٹی وی پر کہتے تھے کہ میں 160 کا ڈالر کردوں گا

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp