پشاور کے تاریخی بازار قصہ خوانی کے محلہ خداداد کی تنگ گلیوں میں اونچی عمارتوں کے درمیان خستہ حال اور بغیر چھت کے مکان کو خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت آثار قدیمہ قرار دے کر اسے اس کی اصل شکل میں بحال کرنے کا اعلان کر چکی ہے۔ اس خستہ حال مکان کے مرکزی دروازے پر گھر کے اصلی مالک کی تصویر بھی آویزاں ہے، جو بولی وڈ کے عظیم اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار کا ہے۔
دلیپ کمار 1922 میں محلہ خداداد میں واقع اس گھر میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا بچپن اسی محلے میں گزرا تھا، یوسف خان 6 برس کے تھے جب اپنے خاندان کے ہمراہ پشاور سے بمبئی منتقل ہوگئے تھے لیکن پشاور اور محلہ خداداد میں واقع اپنے آبائی گھر کو نہیں بھولے۔
1988 میں دلیپ کمار پاکستان آئے تو پشاور بھی گئے اور اپنے اسی آبائی گھر پہنچ کر جہاں بچپن کی یادیں تازہ کیں وہیں اپنے گھر کو اصلی حالت میں برقرار رکھنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ خیبر پختونخوا حکومت نے 2013 میں دلیب کمار کے گھر اور کپور حویلی کو باقاعدہ تاریخی ورثہ قرار دیا اور چند سال قبل ان کے پاکستانی مالکان کو ادائیگی کے بعد اپی ملکیت میں بھی لے لیا۔ حکومت نے اسے اصلی حالت میں بحال کرکے میوزیم بنانے کا اعلان بھی کیا تھا تاہم کئی سال گزرنے جانے کے باوجود بھی اس پر عمل نہ ہو سکا۔
فنڈز کی کمی کا سامنا ہے
محکمہ آثار قدیمہ خیبر پختونخوا کے مطابق دلیپ کمار کے گھر اور کپور حویلی کو اصلی حالت میں بحالی پر کام ہو رہا ہے تاہم ایک عہدیدار نے بتایا کہ حکومتی اعلان کے باوجود کام سست روری کا شکار ہے، جس کی بڑی وجہ فنڈز کی عدم دستیابی ہے۔
’اس وقت صوبہ شدید مالی بحران سے دوچار ہے اور دونوں ورثوں کی بحالی کے لیے تاحال فنڈز جاری نہیں کیے گئے ہیں، کپور حویلی کی حالت قدرے بہتر ہے لیکن دلیپ کمار کے گھر کی حالت انتہائی خراب ہے، 2 منزلہ گھر کی چھت منہدم ہو چکی ہے اور دیواریں اور دروازے بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں، ان کی اصل حالت میں بحالی میں کافی وقت لگے گا۔‘
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت دلیپ کمار کے مکان کو اصلی حالت میں بحال کرکے میوزیم بنانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس میں معروف اداکار کی نایاب تصویروں سمیت دیگر اشیاء رکھی جائیں گی، جو پشاور کے تاریخی ورثے میں اہم اضافہ بنے گا، بولی وڈ اداکار دلیب کمار کے اسی آبائی گھر کے حوالے سے مزید اس ویڈیو رپورٹ میں۔