سپریم کورٹ نااہلی کی مدت سے متعلق تمام مقدمات کی اکٹھا سماعت کرے گی، تحریری حکمنامہ جاری

بدھ 13 دسمبر 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سپریم کورٹ نے سابق ارکان اسمبلی کی نااہلی کی مدت سے متعلق تمام مقدمات کی ایک ساتھ سماعت کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ اس کیس کے زیر التواء ہونے کے عذر کو الیکشن میں تاخیری حربے کے طور پر استعمال نہیں کیا جائے گا۔

سپریم کورٹ نے امام قیصرانی بنام میر بادشاہ قیصرانی انتخابی عذرداری کیس کی گزشتہ سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا ہے، جس کے مطابق سپریم کورٹ نااہلی کی مدت سے متعلق تمام مقدمات کی ایک ساتھ سماعت کرے گی، نااہلی کی مدت کے سوال والے تمام مقدمات جنوری کے آغاز پر ایک ساتھ سماعت کے لیے مقرر کیے جائیں۔

امام قیصرانی بنام میر بادشاہ قیصرانی انتخابی عذرداری کیس کی گزشتہ سماعت کے دوران لیے گئے نوٹس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسی نے تاحیات نااہلی کی مدت کے تعین کے معاملے کو لارجر بینچ کے سامنے مقرر کرنے کے لیے ججز کمیٹی کو بھیج دیا تھا۔

تحریری حکمنامے کے مطابق کیس کے زیر التوا ہونے کو الیکشن میں تاخیر کیلئے استعمال نہیں کیا جائے گا، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے نشاندہی کی ہے کہ آئینی سوال والے کیس پر کم از کم پانچ رکنی بینچ ضروری ہے، کیس کمیٹی کی جانب سے تشکیل دیے گئے بنچ کے سامنے مقرر کیا جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp