جیل بھرو تحریک: پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما اور کارکنان رہا

ہفتہ 4 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جیل بھرو تحریک کے دوران گرفتاریاں دینے والے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو رہا کردیا گیا ہے۔

شاہ محمود قریشی، اسدعمر، اعظم سواتی، زلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر رہنماؤں کو رہا کر دیا گیا۔ تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے رہائی پانےوالے رہنماؤں کا پرتباک استقبال کیا گیا۔

تحریک انصاف کے 24 کارکنوں کے ہمراہ اسد عمر کو لاہور کی کوٹ لکھپٹ جیل سے رہائی ملی جب کہ 59 کارکنان راجن پور جیل سے رہا ہوئے۔

تحریک انصاف کے زلفی بخاری اور فیاض الحسن چوہان سمیت 6 رہنماؤں کو بھی شاہ پور جیل سے رہا کر دیا گیا۔

سپرنٹنڈنٹ شاہ پور جیل کے مطابق رہا ہونیوالے رہنماؤں میں زلفی بخاری، فیاض الحسن چوہان، صداقت عباسی، اعجاز خان جازی، لطافت عباسی اور چوہدری ساجد شامل ہیں۔

اس کے علاوہ سابق گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ، سینیٹر ولید اقبال اور اعظم خان نیازی کو بھی بھکر جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

 

اٹک جیل سے رہائی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے حق کی فتح ہوئی ہے۔ 2018 میں ہماری جیت نا مکمل تھی جسے اب مکمل کیا جائے گا۔ جیل جانے سے ہمارے حوصلے مزید بلند ہوگئے ہیں۔

اسد عمر نے کہا کہ انہیں پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے جیل کاٹنے پر فخر ہے۔ ’جیل نے ہمیں مزید مضبوط کیا ہے۔ جیل بھرو تحریک کے دوران تحریک انصاف کے کارکنوں نے جو ہمت و حوصلہ دکھایا ہے وہ ہمارا فخر ہے۔‘

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے جیل بھروتحریک کے اعلان کے بعد 22 فروری کو تحریک کے پہلے روز پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی اور سیکرٹری جنرل اسد عمر سمیت دیگر قائدین اور کارکنوں نے گرفتاریاں دی تھیں۔

پی ٹی آئی رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد لاہور ہائی کورٹ میں رہائی کے لیے درخواست دائر کردی گئی تھی اوردوسری جانب عمران خان نے جیل بھروتحریک معطل کرنے کا بھی اعلان کردیا تھا۔ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے بھی نظربند رہنماؤں کو رہا کرنے کے احکامات جاری کیے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp