شیخ رشید نے حکومت کو 72 گھنٹوں میں قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا مشورہ دیدیا

ہفتہ 4 مارچ 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے وفاقی حکومت کو 72 گھنٹوں میں اسمبلی تحلیل کرکے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ایک ساتھ کرانے کا مشورہ دے دیا۔

شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اگر کوئی عقل مند اور سمجھدار ہے تو 72 گھنٹوں میں قومی اسمبلی توڑ کر صوبوں سمیت عام انتخابات کروا دے۔ ’شہباز شریف کو مشورہ دیتے ہیں کہ اسمبلی توڑ کر الیکشن کروائیں۔‘

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا موقف تھا کہ اگر پانچ سال کے لیے صوبوں میں عمران خان کی حکومت بن گئی تو پھر قومی اسمبلی میں پی ڈیم ایم کو امیدوار وں کی تلاش کے لیے اشتہار دینا پڑے گا۔

’خیبر پختونخوا اور پنجاب کے انتخابات کے ساتھ قومی اسمبلی کے انتخابات بھی ہو جائیں تو ان کی بچت ہے ورنہ جھاڑو پھر جائے گی ان کی سیاست پر۔‘

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ تمام اسمبلیوں کے بیک وقت صاف و شفاف انتخابات کے لیے ’ذمہ داروں‘ کو کردار ادا کرنا چاہیے۔ ’پاکستان جتنا آرمی چیف یا فوج کے اداروں کو عزیز ہے اتنا ہی مجھے عزیز ہے۔‘

پروگرام کے بعد اپنی ایک ٹوئیٹ میں شیخ رشید نے صوبائی انتخابات کے انعقاد پر بے یقینی کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ صدر نے تو انتخابات کی  30 اپریل کی تاریخ دے دی ہے تاہم  PDMکی مشاورت کا فیصلہ ابھی تک سامنے نہیں آیا۔

’غریب حاجیوں کے لیےبھی خزانہ خالی ہے اب ڈالر والے حج کرسکیں گے۔ چین نے مشکل کے وقت پاکستان سےدوستی کاحق ادا کیا ہے۔ پھر بھی حکمران سامراج کے غلام بنے ہوئے ہیں۔ 30اپریل کوالیکشن ہوتے ہیں یاابھی عشق کے امتحان اوربھی ہیں۔‘

ایک دوسری ٹوئیٹ میں شیخ رشید کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ میں پاکستان کا کیس ایجنڈے پر نہیں ہے۔ ان کے مطابق الیکشن سے بھاگنےکی کوششں نظریہ ضروت کو جنم دے گی۔

’سیاست دان وڈیوآڈیومیں پھنسےہوئے ہیں۔ 90 روزہ نگران وزیراعلٰی 9 سالہ ترقیاتی کاموں کاافتتاح کررہے ہیں۔ بجلی پرساڑھے 3روپے فی یونٹ اضافی سرچارج لگادیا ہے۔ الیکشن سےبھاگنےکی کوششں کی گئی تونظریہ ضروت جنم پائےگا۔ الیکشن میں ہی ملک کی بقاءہے۔‘

ٹی وی پروگرام میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے شیخ رشید بولے؛ حکومت نے سیاست نہیں بلکہ لوگوں کی زندگی سمیت ریاست داؤ پر لگا دی ہے۔ ’دس مہینے میں اپنے کیس ختم کروانے کےعلاوہ انہوں نے کیا کیا ہے؟ ابھی تک آئی ایم ایف ان کے ہتھے نہیں چڑھ رہا۔‘

عمران خان کی آرمی چیف سے ملاقات سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کو آرمی چیف سے ضرور ملنا چاہیے۔ جو غلط فہمیاں پیدا ہوئی ہیں یا پیدا کی گئی ہیں دور کرنی چاہییں۔

’مجھے یقین ہے کہ اس فوج کو فکر ہے کہ اس ملک کی معاشی حالت کیا ہے۔ پاکستان اندر سے ڈوب رہا ہے۔ پاکستان کی سرحدوں کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp