تحریک انصاف کی جیل بھرو تحریک کے دوران میں زبردستی جیل کے اندر جانے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے الزام میں گرفتار ہونے والے کارکن کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے کارکن جلال مہمند کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
پولیس کے مطابق ملزم جلال مہمند نے ’ جیل بھرو تحریک ‘ کے دوران سنٹرل جیل کے اندر جانے کی کوشش کی تھی۔ ملزم جلال کے ساتھ دیگر چار ساتھیوں نے بھی جیل کے اندر جانے کی کوشش کی تھی۔
ملزم کے خلاف دہشت گردی سمیت چار دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
عدالت نے درخواست ضمانت پر دلائل سننے کے بعد ملزم کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ پشاور جیل انتظامیہ نے اندراج مقدمہ کے لئے شرقی تھانے کو مراسلہ جاری کیا تھا ، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کئی گھنٹوں تک گیٹ نمبر ایک کے سامنے ہنگامہ آرائی کی ، کارکن جیل کی حفاظت کیلئے لگی باڑ پھلانگ کر حدود میں داخل ہوئے ، جبکہ سنٹرل جیل پشاور ہائی سکیورٹی زون میں ہے اور خطرناک دہشت گرد یہاں قید ہیں۔
مراسلہ کے متن میں مزید کہا گیا تھا کہ پی ٹی آئی کی ہنگامہ آرائی کی وجہ سے کوئی بھی ناخوشگوار واقعہ رونما ہو سکتا تھا، 9 کارکن جن کی تصاویر بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی گئی کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے اور سنٹرل جیل کے اطراف میں پٹرولنگ میں اضافہ کیا جائے۔
تھانہ شرقی نے پشاور سینٹرل جیل کے مراسلے کے بعد پی ٹی آئی کارکنان کے خلاف انسداد دہشتگردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا تھا۔