پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیئر رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 31 دسمبر تک ہمارے ٹکٹ ہولڈرز کے حوالے سے زیادہ تر فیصلے ہو جائیں گے، ٹکٹ کے معاملے پر کچھ لڑائیاں تو ہمیشہ ہی رہتی ہیں۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ بلاول بھٹو کے بیانات ان کی سیاسی حکمت عملی ہے جس کا جواب دینا مناسب نہیں، وقت آنے پر تعلقات بہتر ہونے میں دیر نہیں لگتی، ہم نے 16 ماہ بہت اچھے ماحول میں گزارے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ مریم نواز کس کس حلقے سے الیکشن لڑیں گی اس کا فیصلہ قائد ن لیگ نوازشریف کریں گے، ابھی تک اس حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
مزید پڑھیں
خواجہ آصف نے کہاکہ کچھ اضلاع میں حلقہ بندیوں کو لے کر اعتراضات سامنے آ رہے ہیں مگر ہمیں دستیاب سسٹم میں ہی انتخابات میں جانا چاہیے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ عثمان ڈار سے تلخی سیاست کی وجہ سے بڑھی، ان کے گھر پولیس کے چھاپے سے میرا کوئی تعلق نہیں، ان کے گھر کی خواتین کا احترام میرے گھر کی خواتین جتنا ہے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عثمان ڈار اپنے لیڈر کے خلاف الزامات لگانے کے بعد اب اپنی والدہ کے لیے پی ٹی آئی کا ٹکٹ کس منہ سے مانگیں گے۔
خواجہ آصف نے کہاکہ عثمان ڈار 6 ماہ تک چھپے رہے، مجھ پر بھی مقدمات بنے مگر بھاگا نہیں سامنا کیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہاکہ سیاست میں آج جتنی تلخی پی ٹی آئی کی وجہ سے ہے اس سے قبل کبھی نہیں تھی۔