لیفٹیننٹ جنرل ریٹائر نذیر احمد کو قومی احتساب بیورو کا چیئرمین تعینات کردیا۔
چیئرمین قومی احتساب بیورو کی تعیناتی وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان اتفاق رائے سے کی گئی جس کے بعد وفاقی حکومت نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا۔
سابق چیئرمین قومی احتساب بیورہ آفتاب سلطان کا استعفیٰ 21 فروری کو منظور کیا گیا تھا اور ان کی جگہ ظاہر شاہ کو قائم مقام چیئرمین مقرر کر دیا گیا تھا جو نومبر 2021 میں ڈپٹی چیئرمین تعینات ہوئے تھے۔
آفتاب سلطان مستعفی ہونے کی بظاہروجوہات ذاتی نوعیت کی بتائی تھیں لیکن میڈیا رپورٹس کے مطابق انھوں نے وہ فیصلہ گرفتاریوں کے حوالے سے دباؤ پر کیا تھا۔
وفاقی کابینہ کی جانب سے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد جولائی 2022 میں انٹیلی جنس بیورو کے سابق سربراہ اور ریٹائرڈ پولیس افسر آفتاب سلطان کو تین سال کے لیے قومی احتساب بیورو کا نیا چیئرمین بنانے کی منظوری دی گئی تھی۔
آفتاب سلطان ایسے دوسرے سابق بیوروکریٹ تھے جنھیں اس عہدے پر تعینات کیا گیا تھا۔ اِن سے قبل سابق بیوروکریٹ چوہدری قمر زمان کو چیئرمین نیب تعینات کیا گیا تھا۔