پاکستان سپرلیگ(پی ایس ایل)کے 21 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 2وکٹوں سے شکست دے دی۔
Shehzaday! Captain @iFaheemAshraf smooth-sailing his team towards victory 🔥#HBLPSL8 | #SabSitarayHumaray | #IUvQG pic.twitter.com/QfFzej2DiT
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) March 5, 2023
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ کو 180 رنز کاہدف دیاتھا جو اسلام آباد کی ٹیم نے 19 اعشاریہ 3 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کوئی اچھا آغاز نہیں کرسکی تھی مگر محمد نواز کی ذمہ دارانہ بیٹنگ نے ٹیم کوسہارادیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو بیٹنگ کی دعوت دی تو آغاز اچھا نہ ہوسکا اور پہلے اوور میں ہی ول سمیڈ کھاتہ کھولے بغیر ہی فضل حق فاروقی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے اور اس کے بعد اوپنر یاسر خان 8 کے مجموعی اسکور پر کیچ دے کر چلتے بنے جس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور افتخار بالترتیب 3 اور 2 رنز پر آؤٹ ہوگئے۔
چاروکٹیں گرنے کے بعد آل راؤنڈر محمد نوازنے انتہائی ذمہ داری کامظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کاسکور 121 رنز پر پہنچایا اور 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
محمد نواز کے کے بعد نجیب اللہ زدران اور عمر اکمل نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور 154 تک پہنچا دیا جس کے بعد زدران 59 رنز پر کلین بولڈ ہو گئے، عمر اکمل 43 رنز اور اڈین سمتھ 4 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے اور یوں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 179 کے ہندسے تک پہنچ سکی۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے فضل حق فاروقی نے 3، فہیم اشرف نے 2 جبکہ رومان رئیس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
جواب میں جب اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم نے بیٹنگ کاآغاز کیاتو اوپنر بیٹر رحمان اللہ پہلے اوور کی دوسری گیند پر نسیم شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے جبکہ دوسرے نمبر پر آنے والے بیٹر کولن منرو نے الیکس ہیلز کے ساتھ جارحانہ کھیل کھیلتے ہوئے 4 اوورز میں سکور 52 پر پہنچا دیا۔
الیکس ہیلز 12 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد کولن منرو نے 63 رنز کی اننگز کھیلی اور اس طرح ٹیم کاسکور 96 ہوگیا اور وہ بھی نسیم شاہ کو کیچ دے کر آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد بیٹنگ کے لئے آنے والے کپتان شاداب خان اور مبشر خان اچھی بیٹنگ کرنے میں ناکام رہے اور 8 اور 5رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔
چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لئے آنے والے بیٹر اعظم خان نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھرذمہ داری کامظاہرہ کیا مگر ان کاساتھ دینے والے آصف علی زیادہ دیر تک نہ کھیل سکے اور 6 رنز بناکرہی واپس لوٹ گئے مگر اس کے بعدآنے والے فہیم اشرف نے اعظم خان کا بھرپور ساتھ نبھایا اور ٹیم کاسکور 169 تک پہنچادیا۔
اعظم خان کے وکٹ گنوانے کے بعد کوئٹہ کی ٹیم کو ایک بارحوصلہ پیداہوا جب فہیم اشرف کاساتھ دینے والے حسن علی بھی 2 بالزکھیل کرآؤٹ ہوگئے مگر اس کے باوجود فہیم اشرف نے ٹیم کو کامیابی دلانے میں اہم کرداراداکیا اور 3 بالز قبل ہی جیت اپنے نام کرلی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے عمید آصف نے 3، محمد نواز نے 2، نسیم شاہ، نوین الحق اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔