صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے جج جسٹس اعجازالاحسن کا استعفی منظور کر لیا ہے۔
صدر مملکت عارف علوی نے نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی مشاورت سے جسٹس اعجازالاحسن کا استعفی منظور کیا ہے۔
جسٹس اعجازالاحسن نے گزشتہ روز آئین کے آرٹیکل 179 اور 206 کے تحت اپنے عہدے سے استعفی دیا تھا اور اپنا استعفی صدر مملکت عارف علوی کو ارسال کیا تھا۔
جسٹس اعجازالاحسن نے 2 روز قبل سابق جسٹس مظاہرنقوی کے خلاف سپریم جوڈیشل کونسل کی کارروائی سے اختلاف کیا تھا اور گزشتہ روز سپریم جوڈیشل کونسل کے اجلاس میں بھی شرکت نہیں کی تھی۔
مزید کام جاری رکھنا نہیں چاہتا، جسٹس اعجاز الحسن
جسٹس اعجاز الاحسن کی جانب سے صدر مملکت کو ارسال گئے استعفے میں کہا گیا ہے کہ بطور سپریم کورٹ جج مزید کام جاری رکھنا نہیں چاہتا، آرٹیکل 206 شق (1) کے تحت فوری طور پر مستعفی ہو رہا ہوں۔
استعفے کے متن کے مطابق جسٹس اعجاز الاحسن نے لکھا ہے کہ بطور سپریم کورٹ، لاہور ہائیکورٹ جج کام کرنا باعث اعزاز تھا۔