گیس لوڈشیڈنگ اور بلوں میں اضافے کیخلاف کوئٹہ میں احتجاج

پیر 15 جنوری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی اور بلوں میں بے تحاشا اضافے کیخلاف شہریوں نے سوئی سدرن گیس آفس کے باہر احتجاج کرتے ہوئے گیس کی فراہمی کا مطالبہ کردیا۔

بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پیر کی دوپہر شہریوں کی جانب سے گیس پریشر میں کمی اور بلوں میں اضافے کے خلاف سوئی سدرن گیس آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرے میں شہر کے مختلف علاقوں سے آئے مظاہرین نے مظاہرے کو دھرنے میں تبدیل کرتے ہوئے سوئی گیس انتظامیہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس دوران مظاہرین نے کہا کہ کوئٹہ میں ہر گزرتے دن کے ساتھ سردی کی شدت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور جوں جوں سردی بڑھتی جارہی ہے ویسے ہی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور پریشر میں کمی میں رونما ہوتی جارہی ہے۔

سراپا احتجاج بنے شہریوں کا کہنا تھا کہ کوئٹہ کے وسطی علاقوں میں 4 سے 5 جبکہ نواحی علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے تک گیس غائب ہوتی ہے اس کے علاوہ جن علاقوں میں گیس دستیاب ہے وہاں پریشر نہ ہونے کے باعث معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔

مظاہرین نے شکوہ کیا کہ اس پر ستم ظریفی یہ ہے گیس کے بل بھی گزشتہ ماہ کی نسبت 50 سے 70 فیصد تک زائد موصول ہوئے ہیں، جس نے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ کردیا ہے تاہم حکومت کو گیس کے مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp