صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہا ہے کہ خواتین کو سماجی واقتصادی طور پر با اختیار بنانے، زندگی کے تمام شعبوں میں شامل کرنے، ترقی اور آگے بڑھنے کے مساوی مواقع فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
ایوان صدر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل تقسیم آج کی تیز رفتار اور ہمہ وقت بدلتی ہوئی دنیا میں خواتین کو بااختیار بنانے اور انکی شمولیت کی راہ میں ایک اہم رکاوٹ ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا خواتین ٹیک ایجوکیشن، کیریئر اور گورننس میں کم نمائندگی رکھتی ہیں۔ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز تک خواتین کی رسائی کو بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید تیز کرنے کی ضرورت ہے۔
صدر علوی نے مزید کہا کہ ہمیں ڈیجیٹل تقسیم کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ ڈیجیٹلائزیشن اور ٹیکنالوجی پاکستان میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔
ان کا کہنا تھا ٹیکنالوجی معیشت میں حصہ لینے، تعلیم، صحت، بینکنگ، قرضوں اور دیگر ضروری خدمات تک خواتین کی رسائی بڑھانے کے نئے مواقع پیدا کر سکتی ہے۔ پاکستان کو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خواندگی کے پروگراموں تک خواتین کی رسائی بڑھانے کی ضرورت ہے۔
صدر نے کہا ہمیں انٹرنیٹ سروسز، لیپ ٹاپ اور دیگر ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز تک خواتین کو رسائی فراہم کرنا ہے۔خواتین کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجنئیرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں لانے، ضروری ہنر اور تربیت حاصل کرنے کے مواقع مہیا کرنا ہوں گے۔
صدر مملکت نے مزید کہا حکومتوں، این جی اوز اور خاص طور پر خواتین سمیت دیگر تمام اسٹیک ہولڈرز پر زور دیتا ہوں کہ وه صنفی تفاوت کو دور کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
حکومتوں، بینکنگ اور نجی شعبے کو ڈیجیٹل ذرائع کے ذریعے خواتین کی سماجی اور اقتصادی شمولیت کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔آئیں، صنفی مساوات کو حاصل کرنے کا عہد کریں۔ ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے ذریعے سب کے لیے ایک زیادہ منصفانہ اور مساوی دنیا بنانے کے لیے کام کریں۔