الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اُمیدوار کی وفات کے باعث ضلع سرگودھا کے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں این اے 83 اور این اے 85 کے الیکشن ملتوی کر دیے ہیں۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی کے 2 حلقوں کے لیے نامزد امیدوار صادق علی ولد الف دین وفات پا گئے ہیں جس کے باعث دونوں حلقوں سے انتخابات کو ملتوی کیا جا تا ہے۔
حلقہ این اے 85 کے ریٹرنگ آفیسر نے الیکشن معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے تاہم این اے 83کا تاحال نوٹیفیکیشن جاری نہیں ہو سکا۔ این اے 83کے ریٹرننگ آفیسر ریاض قدیر بھٹی کا کہنا تھا کہ الیکشن ملتوی کرنے کا نوٹیفیکیشن جلد جاری کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ قانون کے مطابق اگر دروان الیکشن امیدوار کا انتقال ہوجائے تو اس حلقہ کا ریٹرنگ افسر تصدیق کے بعد حلقہ کا الیکشن ملتوی کر سکتا ہے۔ صادق علی ولد الف دین نے قومی اسمبلی کے 2 حلقوں سے اپنے کاغذات جمع کر رکھے تھے۔
ملک بھر میں عام انتخابات 8 فروری کو ہونے جارہے ہیں، جس میں قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے لیے اُمیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔