نیب راولپنڈی نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشری بی بی کو آج طلب کر رکھا ہے۔
نیب کی جانب سے جاری کال اپ نوٹس میں عمران خان کو آج اڑھائی بجے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نیب کے سمن میں کہا گیا ہے کہ عمران خان تحقیقاتی ٹیم کو دوست ممالک کی جانب سے تحفہ میں ملنے والی چھ گھڑیوں کی تفصیلات فراہم کریں۔
ذرائع کے مطابق نیب کی تفتیشی ٹیم ڈائریکٹر رضوان احمد کی سربراہی میں گزشتہ روز دبئی پہنچی تھی۔ نیب کی ٹیم نے قیمتی گھڑی کی فروخت سے متعلق اہم معلومات اکٹھی کر لی ہیں۔
نیب کی ٹیم نے تحفے کی گھڑی خریدنے کے دعویدار عمر فاروق کے گھر۔ یو اے ای میں پاکستانی سفارت خانے اور کچھ دکانوں کا بھی دورہ کیا ہے۔ یاد رہے کہ نیب گراف کعبہ ایڈیشن والی گھڑی اور دیگر تحائف فروخت کی تحقیقات کر رہا ہے۔
عمران خان کے خلاف آج اسلام آباد کی عدالتوں میں متعدد مقدمات زیر سماعت ہیں۔
سیشن عدالت، انسداد دہشت گردی عدالت اور اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کے خلاف آج مختلف مقدمات سماعت کے لئے مقرر ہیں۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں خاتون جج دھمکی کیس آج سماعت کے لیے مقرر ہے جبکہ انسداد دہشت گردی عدالت میں تھانہ سنگجانی میں درج مقدمہ بھی زیر سماعت ہے۔ انسداد دہشت گردی عدالت نے عمران خان کو 9 مارچ تک عبوری ضمانت کی منظوری دی تھی۔
محسن شاہنواز رانجھا پر حملہ کے مقدمے میں عمران خان کی عبوری ضمانت کے کیس کی سماعت بھی آج ہی اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہوگی۔
دوسری جانب ٹریان وائٹ کیس بھی سماعت کے لیے مقرر کیا گیا ہے۔