عام انتخابات: پاکستانی ستارے بھی ووٹ دینے نکل پڑے

جمعرات 8 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہو چکا ہے، تاہم مختلف جگہوں پر پولنگ اسٹیشنوں کے باہر ووٹرز کی بڑی تعداد موجود ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق جتنے ووٹرز پولنگ اسٹیشنوں کی حدود میں موجود ہیں وہ ووٹ کاسٹ کر سکیں گے۔

ملک بھر میں آج دن بھر گہما گہمی رہی، ملک کی اہم سیاسی و مذہبی شخصیات سمیت ٹی وی اور ڈراما انڈسٹری کے ستارے بھی حق رائے دہی کے استعمال میں کسی سے پیچھے نہ رہے اور اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

وی نیوز نے تفصیلات سامنے لائی ہیں کہ کس نے کہاں ووٹ کاسٹ کیا ہے۔

حمزہ علی عباسی

معروف پاکستانی اداکار حمزہ علی عباسی نے کبھی بھی اس بات کو نہیں چھپایا کہ وہ کس سیاسی پارٹی کے حامی ہیں۔ اس بار بھی انہوں نے صبح صبح ہی اپنا ووٹ کاسٹ کیا، اور سوشل میڈیا سائٹ ’ایکس‘ پر اپنی تصویر شیئر کی۔

ماریہ بی

پاکستانی فیشن ڈیزائنر اور سوشل میڈیا اسٹار ماریہ بی نے بھی اپنا ووٹ ڈال دیا۔ ماریہ بی نے اپنے شوہر کے ساتھ ’ایکس‘ پر ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے بتایا کہ ان کی بیٹیاں پہلی وفعہ ووٹ کاسٹ کر رہی ہیں، اور ان کے والدین ویل چیئر پر ووٹ دینے آئے ہیں، ماریہ بی اور ان کا خاندان کافی پرجوش نظر آئے۔

عثمان خالد بٹ

عثمان خالد بٹ انتخابات شروع ہونے سے ہہلے ہی اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کافی پوسٹیں کرتے نظر آئے۔ انہوں نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اپنے ایکس اکاؤنٹ پر انگوٹھے کی تصویر کے ساتھ پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کی درخواست بھی کی۔

عائزہ خان

پاکستانی اداکارہ عائزہ خان نے بھی اپنا ووٹ ڈالنے کے بعد سوشل میڈیا پر اپنی تصویر شئیر کی۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر کے ساتھ کیپشن میں ’ووٹڈ‘ لکھا اور پاکستان کا جھنڈا بھی بنایا۔

عمران عباس

پاکستانی اداکار عمران عباس نے ایک روز قبل اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ اسلام آباد شہر کے لیے نکل پڑے تھے جدھر ان کا ووٹ تھا۔ انہوں نے ویڈیو میں بتایا کہ وہ خاص طور پر دوسرے شہر جا رہے ہیں تاکہ ووٹ کاسٹ کر سکیں، انہوں نے کہاکہ ووٹ ڈالنے کے لیے کوئی بہانہ نہیں ہونا چاہیے۔

واسع چوہدری

پاکستان اداکار اور ٹی وی میزبان واسع چوہدری نے بھی ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر انگوٹھے کی تصویر لگائی اور ساتھ الیکشن 2024 کا کیپشن بھی لکھا۔

بلال مقصود

مشہور پاکستانی میوزک بینڈ ’اسٹرنگز‘ کے ممبر گلوکار اور انور مقصود کے بیٹے بلال مقصود نے بھی اس بات اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ اپنے ’ایکس‘ اکاؤنٹ پر انہوں نے انگوٹھے کے نشان والی تصویر کے ساتھ لکھا، ’میں چھوٹا سا انگوٹھا ہوں مگر کام کروں گا بڑے بڑے‘۔ ‘

قراۃ العین بلوچ

گلوکارہ قراۃ العین بلوچ نے ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد ایکس پر اپنی تصویر کے ساتھ طلحہ انجم کے گانے کی دو لائنیں ڈالیں، انہوں نے ’ووٹ فور آئے کے‘ کا ہیش ٹیگ بھی استمعال کیا۔

عدنان ملک

پاکستانی اداکار عدنان ملک نے اپنے چہرے کے سامنے انگوٹھا رکھ کر تصویر لی، اور ایکس پر پوسٹ کی۔ ان کی تصویر سے لگتا ہے کہ وہ غصے میں ہیں، تو کیا پتا ان کا غصہ ووٹ کے ذریعے نکل گیا ہو؟

سویرا ندیم

گئے برسوں کی اداکارہ سویرا ندیم نے انگوٹھے کے نشان کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جس سے پتا چلتا ہے کہ وہ بھی ووٹ کاسٹ کر چکی ہیں۔

ماہرہ خان

پاکستانی سپر اسٹار ماہرہ خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ لکھا کہ وہ ووٹ کاسٹ کر چکی ہیں۔ انہوں نے اپنے مداحوں سے کہاکہ جس مرضی پارٹی کو سپورٹ کریں لیکن ووٹ ضرور دیں۔

عتیقہ اوڈھو

اداکارہ عتیقہ اوڈھو نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنی سہیلیوں کے ساتھ تصویر ڈالی، جس میں سب اپنا انگوٹھا دکھا رہی ہیں۔ اور معلوم ہوتا ہے کہ انہوں نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کر لیا ہے۔

فاطمہ آفندی اور کنور ارسلان

فاطمہ آفندی اور ان کے شوہر کنور ارسلان دونوں ہی پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں خاصے مشہور ہیں۔ ان دونوں نے ووٹ ڈالا اور ایک ساتھ انسٹاگرام پر ویڈیو بھی شیئر کی۔

شہزاد رائے

پاکستانی گلوکار اور سماجی کارکن شہزاد رائے نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر تصویر شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا ’ڈرا کر نہیں ہرا کر جیتو‘۔

ماورا حسین

پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے بھی ووٹ کاسٹ کیا۔ انہوں نے ایکس پر تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا آج ووٹ پاکستان کے لیے ہے۔

جنت مرزا

ٹک ٹاک کی مشہور اور معروف اسٹار جنت مرزا نے بھی ووٹ کے ٹرینڈ کو فالو کرتے ہوئے اپنا ووٹ ڈالا اور انسٹاگرام پر تصویر بھی ڈالی۔ جنت مرزا پاکستان میں اب تک کی سب سے زیادہ پسند کی جانے والی ٹک ٹاکر ہیں۔

سونیا حسین

اداکارہ سونیا حسین نے اپنے انگوٹھے کی تصویر سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی اور مداحوں کو پیغام دیا کہ قوم نے اپنے حالات بدلنے ہیں تو خود کو بدلنا ہوگا۔

ایماد عرفانی

اداکار ایماد عرفانی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر تصویر ڈالی اور کیپشن میں لکھا کہ ہمیں یہ نہیں سوچنا چاہیے کہ یہ ملک ہمارے لیے کیا کر سکتا ہے، بلکے یہ سوچنا چاہیے کہ ہم اس ملک کے لیے کیا کر سکتے ہیں؟

شہروز سبزواری

اداکار شہروز سبزواری نے بھی عام انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ انہوں نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اپنے انگوٹھے کی دونوں سائیڈوں کی تصویر ڈالی اور کہاکہ پاکستانی قوم کو اپنے ووٹ کی طاقت استمعال کرنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp