وزیراعلیٰ نامزد ہونے کے بعد مریم نواز کی سرگرمیاں کیا ہیں؟

جمعرات 15 فروری 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پنجاب میں حکومت سازی کے حوالے سے نمبر گیم پوری ہونے کے بعد مسلم لیگ ن کی جانب سے پہلی خاتون نامزد وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے صوبے کا کنٹرول سنبھالنے سے قبل مختلف صوبائی محکموں سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جاتی امرا میں سیاسی و انتظامی سرگرمیاں جاری ہیں، انہوں نے ملک کے سب سے بڑے صوبے کا انتظامی کنٹرول سنبھالنے سے قبل مختلف محکموں سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

10 سرکاری محکموں کے سیکرٹریز جاتی امرا طلب

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز نے کم و بیش 10 سرکاری محکموں کے سیکرٹریز کو بریفنگ کے لیے اپنی رہائشگاہ پر طلب کر لیا ہے، تمام محکموں کے سیکرٹریز مریم نواز کو اپنے اپنے محکموں کی مجموعی کارکردگی اور موجودہ صورتحال سے آگاہ کریں گے۔

صوبائی سیکریٹریز نامزد وزیراعلیٰ کو صوبے میں اپنے اپنے محکموں کے حوالے سے جاری ترقیاتی کاموں کے بارے میں آگاہ کریں گے اور اپنے اپنے محکموں میں مجوزہ منصوبوں کے بارے میں بریفنگ بھی دیں گے۔

چیف سیکریٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب بھی مریم نواز سے ملاقات کریں گے

ذرائع کے مطابق مریم نواز کو بریفنگ کے دوران چیف سیکرٹری پنجاب بھی موجود ہوں گے، آئی جی پنجاب بھی آج مریم نواز سے ملاقات کریں گے، آئی جی پنجاب مریم نواز کو صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں بریفنگ دی تھی، آنے والے دنوں میں دیگر محکموں کے سیکرٹریز سے بریفنگ لینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب کی امیدوار نامزد کیا ہے، اگر مریم نواز وزیراعلیٰ منتخب ہوجاتی ہیں تو  پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار کوئی خاتون رہنما کسی صوبے کی وزیراعلیٰ کے عہدے پر فائز ہوگی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp