چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کل اتوار کو دن 2بجے لاہور میں انتخابی ریلی کی قیادت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندہ دلان لاہور میرے ساتھ باہر نکل کر حکمرانوں کو بتا دیں کہ ہم کوئی بھیڑ بکریاں نہیں ہیں اور جب تک مجھ میں خون کا ایک قطرہ بھی موجود ہے قوم کی حقیقی آزادی کے لیے لڑتارہوں گا۔
چئیرمین عمران خان نے کل لاہور میں الیکشن ریلی نکالنے کا اعلان کر دیا- pic.twitter.com/NvdK1MnVFD
— PTI (@PTIofficial) March 11, 2023
ظل شاہ کی موت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کامطالبہ
زمان پارک لاہور میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان نے پی ٹی آئی کارکن ظل شاہ کی موت کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ ہمارے کارکن کو حراست میں لے کر تشدد کرکے موت کے گھاٹ اتارا گیا اور پوسٹمارٹم رپورٹ کے مطابق اس کے جسم پر64 جگہوں پر زخموں کے نشانات تھے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ پہلے ظل شاہ کی موت کا ذمہ دارمجھے قراردیتے ہوئے 302 کاپرچہ درج کیا گیا اور آج نگران وزیراعلیٰ اور آئی جی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ توایک حادثہ ہواہے ، ان لوگوں کو شرم آنی چاہیے کیوں کہ میرا تو ذہن ہی تسلیم نہیں کرتا کہ ایک ’ملنگ‘ پراتنا تشدد کرنے والے کون لوگ تھے بلکہ پولیس نے تومجھے بتایا ہے کہ ہم نے ایسا نہیں کیا۔
چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اس وقت سارے چور الیکشن سے خوفزدہ ہیں اور میدان سے بھاگنے کے لیے کوئی بھی حربہ استعمال کیا جا سکتا ہے اس لیے میں اپنی عدلیہ سے درخواست کرتاہوں کہ آپ اس صورت حال میں سٹینڈ کریں ورنہ یہ توملک کو بناناریپبلک کی طرف لے کرجاناچاہتے ہیں۔
ایسے شخص کو نگران وزیراعلیٰ بنایاگیاجوہمارے خلاف تھا
عمران خان کاکہنا تھا کہ ایک ایسے شخص کو پنجاب میں نگران وزیراعلیٰ بنایاگیا جوہمارے خلاف تھا اور اس کے علاوہ ان پولیس افسران کویہاں تعینات کیاگیا جو 25 مئی کوتحریک انصاف کے کارکنوں پر تشدد میں ملوث تھے اس لیے میرا الیکشن کمیشن سے مطالبہ ہے کہ آئی جی پنجاب اور سی سی پی اولاہورکوتبدیل کیاجائے۔
سابق وزیراعظم پاکستان کاکہنا تھا کہ جس ملک میں رول آف لاء نہ ہووہ آگے نہیں بڑھ سکتا کیوں کہ میں برطانیہ میں رہ کر آیا ہوں وہاں پر کسی کو بھی لوگوں پر اس طرح سے تشدد کی اجازت نہیں دی جاتی کیوں کہ وہاں پرقانون کی حکمرانی ہے۔
ملک میں جوکچھ ہورہاہے اس کے پیچھے ایک ذہنی مریض ہے
عمران خان نے کہا کہ اس وقت ملک میں جوکچھ ہورہاہے اس سب کے پیچھے ایک ذہنی مریض شخص ہے او رانہی لوگوں کی وجہ سے اداروں اور عوام کے درمیان دوریاں پیداہوتی ہیں اس کوبھی تبدیل کرنے کی ضرورت ہے،مجھے تو اس سے کوئی خوف نہیں مگر یہ غریب عوام کے ساتھ ظلم کروارہاہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ایک بھگوڑا شخص نوازشریف لندن میں بیٹھ کر ہمارے ملک کے فیصلے کررہاہے اور اس کی بیٹی یہاں دندناتی پھرتی ہے اور مطالبے کرتی ہے کہ عمران خان کو جیل میں ڈالو اورنوازشریف کے کیسز معاف کرو۔
جس بات پرشہبازگل کوپکڑاگیاوہی بات خواجہ آصف نے بھی کی ہے
پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ شہباز گل کو جوبات کرنے پر گرفتارکرکے تشددکیاگیا وہ بات کل خواجہ آصف نے بھی کی ہے میں شہبازگل سے کہوں گا کہ وہ اس پر پرچہ درج کرائے کیوں کہ قانون کے آگے توسب برابرہیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ مجھے راستے سے ہٹانے کی سازش ہورہی ہے اورمجھے معلوم ہے کہ کون لوگ مجھے قتل کراناچاہتے ہیں کیوں کہ مجھ پرہونےوالے قاتلانہ حملے کے ثبوت مٹانے کی کوششیں بھی کی جارہی ہے اور زرداری کابغل بچہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب یہ سب کچھ کررہاہے۔
آصف زرداری اس قوم کابڑامجرم ہے
عمران خان نے کہا کہ آصف زرداری اس قوم کابڑامجرم ہے اور سندھ میں لوگوں کے ساتھ بہت بڑاظلم کیاجارہاہے اوروہاں پر لوگوں کی عورتوں کو اٹھالیاجاتاہے اور چوریاں اور ڈاکے مارنے کے بعد پھر انہی پر کیسز کرادیے جاتے ہیں اور یہ سب رول آف لاء نہ ہونے کی وجہ سے ہے۔
سابق وزیراعظم نے پارٹی کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ میں آپ کاشکرگزارہوں جوہرمشکل وقت میں ساتھ کھڑے ہوئے اب آپ نے ان لوگوں کی شکلیں یادرکھنی ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ ظلم کیا کیوں کہ یہ قومی مجرم ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا میں ایسی کوئی مثال نہیں ملتی کہ انتخابی ریلی نکالنے کی اجازت نہ دی جائے اور پھرایساکرنے پر لوگوں پر تشدد کیاجائے اورمیری تقریر بھی ٹی وی اسکرین پر دکھانے پر پابندی لگادی۔ ہم نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا کیوں کہ مشرقی پاکستان میں بھی ایسے ہی حالات بنائے گئے تھے ۔














