پاکستان مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر اور صوبہ پنجاب کے لیے نامزد وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف پنجاب اسمبلی ہال میں پہنچیں تو ایوان میں شدید شور شرابا کیا گیا۔
ہفتہ کے روز اسمبلی ہال پہنچنے پر سنی اتحاد کونسل کے ارکان کی جانب نواز شریف کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی، جس کے جواب میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ارکان پنجاب اسمبلی بھی سیٹوں پر کھڑے ہو گئے۔
مزید پڑھیں
سنی اتحاد کونسل کے اراکین کے نعرے بازی کے جواب میں لیگی ارکان نے بھی بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
مسلم لیگ ن کی سینیئر رہنما مریم اورنگ زیب ایوان میں خلیل طاہر سندھو کو نعرے لگانے کا اشارہ کرتی رہیں۔
ابھی وزیر اعلیٰ نہیں بنی، بنی تو بتاؤں گی کیسا لگ رہا ہے، مریم نواز
اس سے قبل پنجاب اسمبلی میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے اجلاس میں آتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی جانب سے نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے صوبائی اسمبلی کے باہر ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ پہلی خاتون وزیراعلیٰ بن رہی ہیں، کیسا لگ رہا ہے؟ تو اس پر مریم نے جواب دیا کہ ابھی نہیں بنی، وزیراعلیٰ بنوں گی تو پھربتاؤں گی۔
بعد ازاں ایوان کی کارروائی شروع ہوئی تو سنی اتحاد کونسل کے 5 اراکین نے حلف اٹھا لیا جب کہ مسلم لیگ ق کے چوہدری شافع حسین نے بھی حلف اٹھا لیا۔ اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان نے نومنتخب اراکین سے حلف لیا۔
ایوان مکمل نہیں، مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا باقی ہے، رانا آفتاب
اس دوران سنی اتحاد کونسل کے رکن رانا آفتاب نے اسمبلی ہال میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایوان ابھی مکمل نہیں ہے، ابھی 27 مخصوص نشستوں کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔
انہوں نے کہا کہ میاں اسلم اقبال ایوان میں نہیں آرہے، انہوں نے ہماری طرف سے الیکشن لڑنا ہے۔ آج حافظ فرحت بیل پر پنجاب اسمبلی آیا ہے، اگر اتنی جلدی ہے تو ناموں کا اعلان کرکے ختم کر دیں۔ اگر ایسا کیا گیا تو عدالت میں چیلنج کر دیا جائے گا۔