سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ کے لیے نامزد اُمیدوار رانا آفتاب احمد خان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے عہدے کے لیے ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں، پیر کو سرپرائز دیں گے۔
اتوار کو لاہور میں پنجاب اسمبلی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ ہم نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ہیں، ہم میدان نہیں چھوڑنا چاہتے۔
مزید پڑھیں
انہوں نے کہا کہ دہرا معیار ہے کہ خیبر پختونخوا میں اجلاس نہیں بلایا جا رہا ہے، ہماری مخصوص نشستیں نہیں دی جا رہیں، ہاؤس بھی مکمل نہیں ہے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ ہمارے اراکین کو اسمبلی میں آنے نہیں دیا جا رہا ، ہمارے پاس نمبرز پورے ہیں کل سرپرائز دیں گے ، یہ (مسلم لیگ ن ) اپنے گھر کے علاوہ کسی کو عہدہ نہیں دیں سکتے۔ اگر ان لوگوں نے ایسا کرنا ہے تو جاتی امرا میں اسمبلی بنا لیں۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت عارف علوی نے بہت اچھا پوائنٹ اٹھایا ہے کہ ابھی ہاؤس مکمل نہیں ہے، اسمبلی اجلاس نہیں بلایا جا سکتا، ہم بطوراحتجاج اجلاس میں شامل ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ان کے ساتھ رانا شہباز، احمد خان بھچر پنجاب اسمبلی بھی موجود تھے۔