اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے اور سیاسی اختلافات ضرور رکھا جائے لیکن ذاتیات سے گریز لازم ہے۔
جمعہ کو قومی اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہیں اس ایوان نے تیسری مرتبہ اس باوقار منصب پر فائز کیا ہے جو ان کے لیے ایک بڑا اعزاز ہے اور اس پر وہ پارٹی قائدین و اتحادیوں کا مشکور ہوں۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وہ تیسری بار منتخب کرنے پر اپنے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف، اپنی جماعت مسلم لیگ (ن)، سابق صدر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری ،ایم کیو ایم، استحکام پاکستان پارٹی اور بلوچستان عوامی پارٹی کا مشکور ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ اپنے حلقہ کے ووٹرز کے بھی مشکور ہیں جنہوں نے انہیں منتخب کیا۔ انہوں نے اپنے حریف سنی اتحاد کونسل کے امیدوار عامر ڈوگر کا اس جمہوری عمل میں حصہ لینے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر کا منصب ایک مشکل ذمہ داری ہے اور قانون قاعدے کے مطابق ایوان کی کارروائی چلانے کی کوشش کریں گے۔
’اختلافات کے باوجود ایوان میں تعلق و احترام برقرار رہے گا‘
ایاز صادق نے کہا کہ سیاست میں بننے والی دوستیاں اثاثہ ہوتی ہیں اور اختلافات کے باوجود اس ایوان میں تعلق و احترام برقرار رہے گا۔ انہوں نے سابق اسپیکر کی خدمات کو بھی سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن آپس میں اختلافات ضرور کریں، یہ جمہوریت کا حسن ہے لیکن اس میں ذاتیات پر نہیں اترنا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک کو درپیش مسائل پر سیاست کی بجائے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
’ایوان خوش اسلوبی سے چلانے میں میڈیا کا کردار نمایاں ہے‘
ایاز صادق نے کہا کہ پریس گیلری کا نمایاں کردار ہے اور ایوان کی کارروائی خوش اسلوبی سے چلانے میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن کا بھرپور تعاون رہا ہے۔ انہوں نے فعال میڈیا کے بغیر ایوان کو نامکمل قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ میڈیا کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ ہم ذاتی پسند و ناپسند میں الجھتے رہیں گے یا عوام کی امنگوں پر پورا اتریں گے، ہمیں سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر اپنے روشن مستقبل کے لیے قربانی دینی ہوگی، اس ایوان میں موجود تمام ارکان باصلاحیت ہیں جس کا وہ اعتراف کرتے ہیں۔
سنی اتحاد کونسل کے امیدوار ملک عامر ڈوگر کی ایاز صادق کو مبارکباد
سنی اتحاد کونسل کے اسپیکر کے امیدوار ملک عامر ڈوگر نے نومنتخب سپیکر سردار ایاز صادق کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتجاجاً اس ایوان کا حصہ بنے تاکہ اپنا کردار ادا کر سکیں، 8 فروری کو پاکستان کے عوام نے خاموش انقلاب کا ثبوت دیا، ہمارے تمام ممبران ہمارے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے نگران حکومت کی جانب سے بجلی، گیس اور پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے 2013 میں بطور اسپیکر سردار ایاز صادق کے کردار کو سراہا۔