وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پہلی فرصت میں گوادر حاضر ہوا ہوں، متاثرین کی ہر ممکن مدد کریں گے، متاثرین کی بحالی اور امداد میں کوئی کسر اٹھا رکھی نہیں جائے گی۔
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے دورہ گوادر میں متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلی فرصت میں گوادر آیا ہوں، آپ کے گھر ڈوب گئے ہم اسلام آباد میں کیسے بیٹھے رہ سکتے ہیں، یہاں فوٹو سیشن کے لیے نہیں آیا۔ متاثرین کی بحالی اور امداد میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ 26 فروری سے شروع ہونے والی بارشوں نے بہت تباہی مچائی ہے۔ اللہ کا شکر کہ گوادر میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا مگر بلوچستان میں 5 افراد بارش کی نذر ہوئے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے حلف اٹھاتے ہی گوادر کا رخ کیا اور آپ کا دکھ بانٹا، یہ ہمارا فرض ہے کسی پر احسان ہے نا ہی کوئی دکھاوا ہے، یہاں ہونے والے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا اور قطعاً کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ آفت کا کوئی مقابلہ نہیں، آفت بہرحال آفت ہے۔ پورے پاکستان میں طوفانون بارشوں کے نتیجے میں قریباً 44 افراد اللہ کو پیارے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم نے بارشوں کے باعث جاں بحق افراد کے لواحقین کو 20، 20 لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کو 5 لاکھ روپے فی کس دینے کا اعلان بھی کیا۔ کہا جن کے گھر مکمل تباہ ہوئے ہیں انہیں ساڑھے 7 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔ بتایا کہ کل سے خوراک کے 7000 بیگ بلوچستان آئیں گے۔
متاثرین کی مدد و بحالی کے لیے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے، وزیرِاعظم شہباز شریف
قبل ازیں وزیرِ اعظم نے دوران پرواز چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک سے گوادر اور جنوبی بلوچستان میں حالیہ طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات اور جاری امدادی کاروائیوں پر بریفنگ لی۔ وزیرِ اعظم کو ملک کے دیگر علاقوں میں نقصانات اور متاثرین کی مدد کے لیے اقدامات پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی اور سیٹلائٹ کے ذریعے قدرتی آفات کے وقت سے پہلے تعین کے لیے نظام وضع کیا جائے، متاثرہ مواصلاتی ڈھانچے کی بحالی اور نجی املاک کے نقصانات کے تفصیلی جائزے پر جلد رپورٹ پیش کی جائے اور حالیہ طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد و بحالی کے لیے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔ متاثرین کے ریسکیو اور مدد میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا 3 روز میں گوادر کا دوسرا دورہ
وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز احمد بگٹی نے 3 روز کے اندر گوادر شہر دوسرا دورہ کیا۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے ہمراہ گوادر شہر کی صورتحال اور بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعظم اور وزیر اعلیٰ کو حکام کی جانب سے گوادر کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی۔
رکن قومی اسمبلی ملک شاہ گورگیج، اتحادی جماعت مسلم لیگ کے صوبائی صدر شیخ جعفر مندوخیل، رکن اسمبلی میر شعیب نوشیروانی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔ گوادر پہنچنے پر رکن بلوچستان اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان، چیف سیکریٹری بلوچستان شکیل قادرخان، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر مکران نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا تھا۔