کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن کے رہائشی آغا کلیم نے تھائی لینڈ میں ہونے والی موئے تھائی ورلڈ چیمپئن شپ قازقستان کو شکست دے کر جیت لی ہے۔ آغا کلیم نے ٹائٹل کا دفاع کرتے ہوئے دوسری بار چیمپئن شپ جیتی اور مدمقابل قازقستان کے 3 بار ٹائٹل جیتنے والے کھلاڑی کو شکست دے کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کردیا ہے۔
آغا کلیم نے اپنی اس فتح کو غزہ کے مظلوموں کے نام کیا ہے، آغا کلیم نے بغیر حکومتی سرپرستی اور کوچ کے دوسری بار یہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔
آغا کلیم ’موئے تھائی چیمپئن شپ‘ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بن گئے
آغا کلیم 15 مارچ 2023 کو بین الاقوامی موئے تھائی چیمپئن شپ جیتنے والے پہلے پاکستانی باکسر بنے تھے۔ فاتح باکسر نے کامیابی اور مقابلے میں بھیجنے کا سہرا بالترتیب اپنے اساتذہ اور جماعت اسلامی کے سر باندھا تھا۔
اس وقت 22 برس کے پاکستانی باکسر نے انڈونیشین باکسر کو شکست دے کر 51 کے جی سینئر کیٹیگری میں گولڈ میڈل حاصل کیا تھا۔ آغا کلیم نے وی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی اس کامیابی کا سہرا ان کے اساتذہ کو جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ آغاز میں ان کے پاس ایشین چیمپئن شپ کھیلنے تک کے پیسے نہیں تھے جس پرلوگوں نے چندہ جمع کرکے انھیں اس مقابلے میں بھیجا تھا اور وہ اس میں بھی گولڈ میڈل جیت کر وطن واپس آئے تھے۔ موئے تھائی چیمپئن شپ تھائی لینڈ میں کھیلی گئی تھی جس میں پاکستان سمیت 40 ممالک نے شرکت کی تھی۔