اگر آپ کہیں جا رہے ہیں اور آپ کو کوئی زہریلا سانپ نظر آجائے تو پھر حالت خراب ہونا طے ہے، جبکہ کئی لوگ سانپ دیکھتے ہی دوڑ لگا دیتے ہیں، کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ بھاگ گئے تو سانپ سے بچ جائیں گے۔
ایکسپرٹس کے مطابق ایسا بالکل بھی نہیں کرنا چاہیے کیونکہ ایسا کرکے آپ اپنے آپ کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔ آخر زہریلے سانپ سے مقابلہ ہوجائے تو کیا کریں؟ کیسے بچیں؟ آیے جانتے ہیں۔
سب سے پہلی بات اگر ایسی صورتحال آپ کو درپیش آجائے تو کوشش کریں کہ پرسکون رہیں اور بالکل نہ گھبرائیں۔ سانپ کی سمت اچانک کوئی حرکت نہ کریں، یعنی جس جانب سانپ ہے، اس جانب بھاگنے کی کوشش نہ کریں۔ wikihow.com کی رپورٹ کے مطابق سانپ پر حملہ کرکے اس کو ہٹانے کی کوشش نہ کریں۔ اس کے بجائے دھیان دیں کہ اگر وہ کہیں جا رہا ہوتو اس کو جانے دیا جائے۔
یاد رکھیں کہ زیادہ تر سانپ آپ کے آس پاس نہیں آنا چاہتے۔ اگر انہیں تنگ نہیں کریں گے تو وہ خود چلے جائیں گے۔ وہ تب تک حملہ نہیں کرتے جب تک کہ انہیں خود پر حملہ ہوتا ہوا نہیں لگتا ہے۔
اپنی فیملی، پالتو جانوروں کو اس کے قریب بالکل نہ جانے دیں۔ اگر وہ کہیں پھنسے ہوئے ہیں، کمرے میں ہیں تو کوشش کریں کہ کمرے میں سکون رکھیں اور لائٹس کم کردیں۔ اس سے اس کو خود پر خطرہ کم محسوس ہوگا۔ البتہ آپ اس پر نظڑ بنائے رکھیں۔ ایسی کوئی سرگرمی نہ کریں، جس سے وہ چونک جائے، اس سے وہ فوراً حملہ کرتا ہے۔
سانپ کو پکڑنے کی کوشش نہ کریں، بس دوسری سمت کی جانب چلتے جائیں۔ اگر آپ کا سامنا گھر میں سانپ سے ہو تو مدد کے لیے کسی پیشہ ور کو بلائیں ۔
کئی مرتبہ تیز آوازیں سانپ کو اپنے راستے سے ہٹانے میں آپ کی مدد کرسکتی ہیں۔ وہ ڈر کر بھاگ سکتا ہے، لیکن ایسا کرتے وقت دوری بناکر رکھیں۔ سانپوں کے کان نہیں ہوتے لیکن وہ ارتعاش کو فوراً محسوس کرلیتا ہے۔ تیز آواز سے سانپ کو زیادہ سکون والی جگہ پر بھاگنے کے لئے مجبور ہونا پڑ سکتا ہے۔ آپ کچھ لکڑیوں کو ایک ساتھ پیٹنے کی بھی کوشش کرسکتے ہیں۔
ایک اور بات لمبی گھاس میں جانے سے بچیں۔ کیونکہ سانپ چٹانوں، لکڑیوں اور گھنی گھاس کے نیچے چھپنا پسند کرتے ہیں۔ ایسی جگہوں کے پاس چلتے وقت احتیاط برتیں۔ اپنی آنکھیں کھلی رکھیں اور سانپوں پر نظر رکھیں۔ کوشش کریں کہ ایسی جگہوں پر جائیں ہی نہیں۔ آج کل گاؤں اور شہروں کے پارکس میں ایسی جگہوں کی کثرت ہوتی ہے اور لوگ سوچے سمجھے بغیر اس میں گھس جاتے ہیں ، یہ آپ کے لیے جان لیوا ہوسکتا ہے ۔