گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نواز شریف سمیت دیگر لیڈران نے قانون کے سامنے سر خم تسلیم کیا لیکن عمران خان نے خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہوئے اس کا تمسخر اڑایا ہے۔
لاہور میں جمعرات کو سینیئر صحافیوں سے ایک ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وارنٹ گرفتاری عدالت جاری کرتی ہے جس پر عملدرآمد کرانا پولیس کی ذمہ داری ہوتی ہے لیکن ایک بڑی پارٹی کی سربراہی کرنے کے باوجود عمران خان نے اپنے عمل سے ثابت کردیا کہ وہ خود کو قانون سے بالاتر سمجھتے ہیں۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان پاکستان میں جنگل کا قانون بتاتے ہیں جو ملک کی بدنامی کا باعث ہے اور اس پر وطن عزیز کی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔
انھوں نے چارٹر آف اکانومی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں تمام سیاستدان ایک ساتھ نہیں بیٹھتے اور ان سب سے زیادہ عمران خان ہیں جو بیٹھنا ہی نہیں چاہتے۔
محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ پنجاب میں کرپشن تو پی ٹی آئی کے دور میں زیادہ سامنے آئی لیکن عمران خان نے مشہور کیا ہوا ہے کہ ان کے علاوہ باقی سب چور ہیں۔
انھوں نے معاشرے میں پیدا ہونے والی ’تقسیم‘ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان یوٹرن کو اپنا طرہ امتیاز سمجھتے ہیں۔














