امریکی خلائی ادارے ناسا کا ایک خلاباز، روسی خلاباز اور بیلاروس کی پہلی خلا باز بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر سفر کرنے کے بعد بحفاظت زمین پر پہنچ گئے۔
ماسکو کے سوزز ایم ایس 24 نامی خلائی جہاز قازقستان کے شہر ژیزکازگان کے قریب اترا۔ ایجنسی کا مزید کہنا تھا کہ ‘جہاز کی ڈی آربیٹ اور اس کی زمین پر لینڈنگ معمول کے مطابق ہوئی۔‘
روسی خلا باز اولیگ نووٹسکی اور بیلاروس کی پہلی خلاباز مارینا واسیلیوسکیا نے مدار میں 14 دن گزارے جبکہ امریکی خلا باز لورال او ہارا نے 204 دن کا مشن مکمل کیا۔ واسیلیوسکیا اور او ہارا کے لیے یہ خلائی اسٹیشن میں ان کا پہلا دور ہ تھا۔
بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے ایک بیان میں عملے کو ان کے مشن سے بحفاظت واپسی پر مبارکباد دی۔
خلائی جہاز نے 23 مارچ کو قازقستان کی بائیکونور خلائی بندرگاہ سے اڑان بھری تھی کیونکہ لانچ سے قبل کی تیاریوں میں تاخیر ہوئی تھی جو روس کے خلائی پروگرام کے لیے ایک عارضی لیکن بڑا دھچکا تھا جو مالی مسائل، اسکینڈل، بدعنوانی اور ناکامی سے تابیر ہوا۔
واضح رہے کہ فروری 2022 میں شروع ہونے والے یوکرین پر روس کے حملے اور اس کے بعد بین الاقوامی پابندیوں کی وجہ سے روس اور مغربی خلائی تعاون متاثر ہوا ہے۔