الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ریٹرننگ آفیسر این اے 8 باجوڑ سے منسوب 19 اپریل کا خط جعلی ہے اور اسے بطور پروپیگنڈا استعمال کیا جا رہا ہے۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق متعلقہ ریٹرننگ آفیسر نے19 اپریل ہی کو اس خط کی وضاحت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر باجوڑ کو تحریری طور پر بتا دیا تھا کہ یہ جعلی لیٹر ہے جسے نظر انداز کردیا جائے۔ ’ریٹرننگ آفیسر کا وضاحتی خط میڈیا سے بھی شیئر کیا جارہا ہے‘۔
الیکشن کمیشن
سوشل میڈیا پر ریٹرننگ افسر این اے 8 باجوڑ سے منسوب 19 اپریل کا خط جعلی ہے، الیکشن کمیشن
یہ جعلی خط بطور پراپیگنڈا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ترجمان
متعلقہ ریٹرننگ افسر نے خط کی وضاحت کرتے ہوئے ڈی سی باجوڑ کو تحریری طور پر بتا دیا تھا۔ ترجمان pic.twitter.com/05iFyZqxGR— Rehan Tariq (@RehanTofficial) April 20, 2024
ترجمان نے کہاکہ الیکشن کمیشن واضح کرتا ہے کہ این اے 8 باجوڑ میں انتخابات کی تیاری کا عمل خوش اسلوبی سے مکمل کر لیا گیا ہے جس کی تصدیق ریٹرننگ آفیسر نے کردی ہے۔ کل اس انتخابی حلقہ سمیت تمام متعلقہ انتخابی حلقوں میں ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ ہو گی جس میں عوام بلا خوف و خطر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز سے سوشل میڈیا پر ایک لیٹر گردش کررہا ہے کہ باجوڑ کے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے جس پر انہوں نے اپنے افسران کو خط لکھ کر صورت حال سے آگاہ کیا ہے۔ تاہم اب اس کی وضاحت سامنے آگئی ہے۔